بنڈس لیگا کے انیسویں میچ ڈے کا احوال
30 جنوری 2012مؤنشن گلاڈ باخ کی جانب سے ان کے اسٹرائیکر مائیک ہانکے نے پہلے ہی ہاف میں ایک خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ ہانکے نے یہ گول جرمن قومی ٹیم کے لیے کھیلنے والے ساتھی کھلاڑی مارکو ریوس کی فری کک پر کیا۔ نیشنل اسٹار مارکو ریوس نے اپنے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسرا ہاف ختم ہونے سے قبل خود ایک گول داغ دیا۔ یہ ان کا بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں بارہواں گول تھا۔
کھیل ختم ہونے سے 12 منٹ قبل مؤنشن گلاڈ باخ کے دوسرے سٹرائیکر ایگور ڈی کامارگو نے بھی گول کر ڈالا اور یوں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر کے بڑے فرق سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
مارک ہانکے نے میچ کے بعد کہا کہ اگرچہ ان کی ٹیم جوابی حملوں میں سست رہی اور کھیل میں روایتی ہم آہنگی بھی نظر نہیں آئی مگر پھر بھی اتنے بڑے مارجن کے ساتھ جیتنا خوشی کی بات ہے۔
انیسویں میچ ڈے کے اختتامی روز اتوار کومجموعی طور پر دو مقابلے ہوئے۔ دوسرے مقابلے میں مائنز کی ٹیم نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ رواں سیزن میں مائنز کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی ہے۔ مائنز کے دفاعی کھلاڑی ایڈم زالائی کو جارحانہ انداز اپنانے پر سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا اور اس کے بعد مائنز کی دفاعی لائن نہ سنبھل سکی۔
جرمن فٹ بال لیگ میں اب بائرن میونخ کی ٹیم محض گول اوسط پر سرفہرست ہے۔ دفاعی چیمپین ڈورٹمنڈ اور شالکے چالیس چالیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ اتوار کی جیت کے بعد مؤنشن گلاڈ باخ تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔
انیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کو ہینوور نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا تھا۔ ہفتے کو کھیلے جانے والے میچوں میں بائرن میونخ نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا، بریمن اور لیورکوزن کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، ہیمبرگ نے برلن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا، آؤگس برگ اور کائزر لاؤٹرن کا میچ دو دو گول سے برابر رہا جبکہ دفاعی چیمپین ڈورٹمند نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے اور شالکے نے کولون کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا تھا۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: شامل شمس