بنڈس لیگا، ڈورٹمنڈ کی پہلی پوزیشن پر گرفت مضبوط
19 فروری 2012ڈورٹمنڈ نے اس میچ میں فتح کے بعد اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس کلب نے بغیر کوئی میچ ہارے لیگ کے 16 میچز جیتے ہیں، جبکہ مسلسل چھ میچز میں فتح بھی اس کلب کا نیا ریکارڈ ہے۔
ڈورٹمنڈ نے ہفتے کے روز میزبان ہیرتھا برلن کو برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں شکست دی۔ ڈورٹمنڈ کی جانب سے کھیل کا واحد گول 66 ویں منٹ میں کیون گروس کروئٹس نے کیا۔
دوسری جانب لیگ کے ایک اور میچ میں بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر نچلی پوزیشنز میں شامل فرائی برگ سے مقابلہ ڈرا ہی کرنے میں کامیاب ہو پائی۔ اس طرح ڈورٹمنڈ کی ٹیم بائرن میونخ کے ساتھ پوائنٹس کا فرق بڑھانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ اس سے قبل سیزن کے لیے سیشن میں بائرن میونخ نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی، تاہم ہفتے کے روز ہونے والے مقابلے میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی اور میچ برابری کی بنیاد پر ختم ہوا۔ فرائی برگ لیگ میں اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں سب سے نچلی پوزیشنوں پر موجود ٹیموں آؤگسبرگ اور کائزرز لاؤٹرن کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم 49 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
ہفتے کے روز ہونے والے ایک اور میچ میں مؤنشن گلاڈباخ نے کائزرزلاؤٹرن کے خلاف کھیلا گیا میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم لیگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ مؤنشن گلاڈباخ کے 46 پوائنٹس ہیں۔ میونخ کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ اب لیگ میں دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں لیورکوزن نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ بریمن نے ہیمبرگ کو تین ایک سے ہرا دیا جبکہ کولون کو نیورمبرگ نے دو ایک سے ہرایا۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: عاطف بلوچ