بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ کی جیت کا سفر جاری
27 فروری 2012میچ ڈے کے اختتامی روز کی یہ جیت ڈورٹمنڈ کی اب تک کی مسلسل 17 ویں جیت تھی۔ موجودہ سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر کی ٹیم بائرن میونخ نے اتوار کو اپنا میچ جیت لیا۔ بائرن میونخ نے شالکے کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی اور یوں وہ مؤنشن گلاڈ باخ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔
اس طرح اب پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم 52 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ بائرن میونخ 48 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور مؤنشن گلاڈ باخ 47 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اتوار کے روز کھیلے گئے میچ میں ڈورٹمنڈ کے فارورڈ کھلاڑی رابرٹ لیوانداؤسکی نے دو گول کیے۔ پولینڈ کی قومی ٹیم کے لیےکھیلنے والے اس فٹ بالر نے ہینوور کے خلاف میچ کے پہلے ہاف میں اپنا اور ٹیم کا پہلا گول کیا۔ 23 سالہ اس کھلاڑی نے دوسرے ہاف کے 16 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔ ڈورٹمنڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں ہینوور کے ڈیڈیئر یا کونن نے دوسرے ہاف میں اپنا پہلا گول کرکے ڈورٹمنڈ کی سبقت کو کچھ کم کیا مگر اضافی وقت میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی ایوان پیریسک نے ہینور کی دفاعی لائن کو ناکام بناتے ہوئے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
بائرن میونخ اور شالکے کے درمیان کھیلا گیا میچ بائرن میونخ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ اس مقابلے میں میونخ کے لیے کھیلنے والے فرانسیسی قومی ٹیم کے کھلاڑی فرانک ریبیری کے دو گولوں کی بدولت شالکے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ریبیری نے اس جیت کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم نے کم بیک کیا ہے اور فتوحات کے اس سلسلے کو دوام دیا جائے گا۔ شالکے کے خلاف اس جیت سے قبل بائرن میونخ کی ٹیم اپنے سابقہ پانچ لیگ مقابلوں میں سے محض دو جیت سکی تھی۔
جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کا تین دنوں یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار پر مشتمل 23 واں میچ ڈے اب مکمل ہوگیا ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عدنان اسحاق