بنڈس لیگا: ڈسلڈورف درجہ اوّل سے باہر
19 مئی 2013بنڈس لیگا کے اس سیزن کے اختتامی 34ویں میچ ڈے کے تمام مقابلے ہفتے کو ہوئے۔ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے اور یہ تاج بائرن میونخ کے سر ہے، جو گزشتہ کافی عرصے سے پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست تھی۔
سیزن کے اپنے اختتامی میچ میں بائرن میونخ کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے تھا جو اس نے تین کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔ یہ میچ ڈے ڈسلڈورف کی ٹیم کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں رہا، جس کی پوزیشن قدرے بہتر چلی آ رہی تھی۔ 33ویں میچ ڈے تک یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 15ویں پوزیشن پر تھی اور یہ بات یقینی دکھائی دے رہی تھی کہ یہ آئندہ سیزن میں بھی درجہ اوّل میں ہی کھیلے گی۔
ہفتے کو اس کا سامنا ہینوور سے تھا اور اس مقابلے میں اسےتین صفر سے شکست کا سامنا رہا۔ اس ہار نے ڈسلڈورف کو پوائنٹس ٹیبل پر 17ویں نمبر پر دھکیل دیا جس کے نتیجے میں یہ ٹیم بنڈس لیگا کے درجہ اوّل سے باہر ہو گئی اور آئندہ سیزن میں درجہ دوم میں کھیلے گی۔
ڈسلڈورف کے کوچ نوربرٹ مائیر کا کہنا تھا: ’’تینتسویں راؤنڈ تک آپ درجہ اوّل سے نکلنے کے خطرے میں نہ ہوں اور آخری مرحلے میں اس درجے سے ہی باہر ہو جائیں تو یہ بات بہت تکلیف دہ ہے۔‘‘
ڈسلڈورف کے ساتھ ساتھ گروئتھر فیورتھ بھی درجہ اوّل سے نکل گئی ہے۔ ہفتے کو اس کا سامنا آؤگس برگ سے تھا۔ اس میچ میں گروئتھر فیورتھ کو تین ایک سے شکست ہوئی جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر یہ پہلے سے ہی اٹھارہویں نمبر پر تھی۔
ہوفن ہائیم نے اپنے آخری میچ میں ڈورٹمنڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یہ جیت اسے 17ویں نمبر سے 16ویں نمبر پر لے گئی اور یوں فی الحال اس کے درجہ اوّل سے نکلنے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اب ہوفن ہائیم درجہ دوم میں تیسرے نمبر کی ٹیم کائزرزلاؤٹرن کے ساتھ ایک میچ کھیلے گی جس کا نتیجہ ان دونوں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔
سیزن کے اس آخری میچ ڈے کے دیگر مقابلوں میں شالکے نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ لیورکوزن نے صفر ایک سے ہیمبرگ کو پچھاڑا۔ نیورمبرگ نے بریمن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ آئنتراخت فرینکفرٹ کا سامنا وولفس برگ اور اشٹٹ گارٹ کا مائنز سے ہوا، یہ دونوں مقابلے دو دو گول سے برابر رہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: زبیر بشیر