بنڈس لیگا میں ڈورٹمنڈ بدستور نمبر ون
12 فروری 2012میچ کا واحد گول کھیل کے 45 ویں منٹ میں ڈوٹمنڈ ٹیم کے جاپان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شنجی کاگوا نے کیا۔ اس فتح کے باعث ڈورٹمنڈ نے دوسرے نمبر پر براجمان ٹیم بائرن میونخ سے دو پوائنٹس کی سبقت لے لی ہے۔ میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یورگن کلوپ نے کہا کہ اس سیزن کے ابھی 13 میچ باقی ہیں، اس لیے ٹیم سخت محنت کرتے ہوئے پہلی پوزیشن پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی۔
’’ ابھی مزید 13 میچز باقی ہیں۔ بائرن میونخ کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ وہ یہ تمام میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیے ہماری ٹیم اس جیت پر اکتفا نہیں کر سکتی۔ ہم خوش ہیں مگر ہماری نگاہ اگلے میچ پر ہے۔ یہی سوچ ہمیں کامیاب بنا سکتی ہے۔‘‘
دوسری جانب ہفتے ہی کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں بائرن میونخ کی جانب سے ماریو گومیز نے میچ کے چھٹے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔ اس سیزن میں گومیز کا یہ 18 واں گول تھا۔ کھیل کے 30 ویں منٹ میں تھوماس مُلر نے بائرن میونخ کی جانب سے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم بنا دیا۔ یہ برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔
ادھر ایک اور میچ میں مؤنشن گلاڈباخ شالکے کو تین صفر کی شکست سے دوچار کر کے تیسری پوزیشن پر قائم ہے۔ مؤنشن گلاڈباخ اور بائرن میونخ کے درمیان پوائنٹس کا فرق صرف ایک کا ہے۔ اگلے میچ میں ان پہلی تین پوزیشنوں پر موجود ٹیموں میں سے کوئی بھی اپنا میچ ہاری، تو نتیجہ بنڈس لیگا کی پوزیشنز میں تبدیلی کی صورت میں برآمد ہو گا۔
ہفتے کے روز کھیلے گیے دیگر میچز میں مائنز اور ہینوور کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بریمن اور ہوفن ہائم کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ اشٹٹ گارٹ نے ہیرتھا برلن کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول کے واضح فرق سے شکست دی۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: عاطف بلوچ