بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کی فاتحانہ پیشقدمی
11 نومبر 2012جنوبی جرمن ریاست باویریا کے کلب بائرن میونخ نے بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں اپنے گزشتہ گیارہ میں سے دس مقابلے جیت لیے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر اب اس کلب کے 30 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ سر فہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر شالکے کی ٹیم ہے، جس نے گزشتہ روز ویردر بریمن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ تیسری پوزیشن پر فرینکفرٹ کی ٹیم ہے، جسے اس کے گزشتہ تینوں مقابلوں میں مات ہوئی ہے۔ دفاعی چیمپئن بوروسیا ڈورٹمنڈ نے ہفتے کو آؤگس برگ کی ٹیم کو باآسانی شکست دے دی۔ تین کے مقابلے میں ایک گول سے اس جیت میں ڈورٹمنڈ کے لیے رابرٹ لیوانڈاؤسکی نے دو جبکہ مارکو روئس نے ایک گول کیا۔ اس جیت کے بعد ڈورٹمنڈ کے 19 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے آغاز پر بائرن میونخ اور آئنتراخت فرینکفرٹ دونوں نے ہی ریکارڈ قائم کیے۔ میونخ کی ٹیم نے ان قومی مقابلوں کی پچاس سالہ تاریخ میں کسی بھی کلب کی جانب سے کامیاب ترین آغاز کا مظاہرہ کیا اور اپنے ابتدائی آٹھوں جیت لیے۔ اسی طرح فرینکفرٹ کی ٹیم نے، جس نے قومی سطح کے ان اعلیٰ مقابلوں میں بمشکل اپنی جگہ بنائی تھی، آج تک کی کسی بھی دوسری promoted ٹیم کے مقابلے میں بہتر کھیل دکھایا اور اپنے ابتدائی چھ میچوں میں سے پانچ میں فتح پائی۔ بائرن میونخ کے خلاف فرینکفرٹ کے گول کیپر نے نہایت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کم از کم دو یقینی گول روکے۔
بائرن میونخ نے چیمپئنز لیگ میں فرانسیسی کلب لِیل کے خلاف جو جاندار کھیل کھیلا تھا، فرینکفرٹ کے خلاف ویسے کھیل کی کمی رہی۔ کھیل ختم ہونے سے کچھ منٹ قبل ملنے والی ایک پینلٹی کے باعث بائرن میونخ کی جیت یقینی ہوئی ورنہ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔
گزشتہ روز کے دیگر مقابلوں میں شالکے نے بریمن کے خلاف ایک یقینی شکست کو جیت میں بدل دیا۔ ابتدائی ایک گھنٹے میں بریمن کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔ دیگر مقابلوں میں ہیمبرگ کی ٹیم نے ریڈ کارڈ کے سبب اپنا ایک کھلاڑی گنوانے کے باوجود فرائی برگ کو جیتنے نہیں دیا اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اسی طرح فورٹیونا ڈسلڈورف اور ہوفن ہائم کا مقابلہ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔
(sks/mm(Reuters