بنڈس لیگا: بائرن کے مقابل کوئی نہیں
25 نومبر 2012ہفتے کو بنڈس لیگا کے تیرہویں میچ ڈے کے دوسرے روز کا پہلا میچ بائرن اور ہینوور کے درمیان ہی تھا، جو بائرن نے پانچ صفر سے جیت لیا۔ اس کامیابی سے جرمن چیمپئن شپ ٹیبل پر بائرن کے پوائنٹس 34 ہوگئے اور فی الحال اس سے یہ پوزیشن چھِن جانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ بھی اس سے بہت پیچھے یعنی 25 پوائنٹس پر ہے۔
ہفتے کے دیگر مقابلوں میں ڈورٹمنڈ نے مائنز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ شالکے اور آئنتراخت فرینکفرٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ وولفس برگ اور بریمن کی ٹیمیں بھی ایک ایک گول ہی کر سکیں اور یوں ان کا مقابلہ بھی بے نتیجہ رہا۔ اسی طرح گروئتھر فیورتھ اور نیوریمبرگ کا میچ بھی برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔
قبل ازیں جمعے کو تیرھویں میچ ڈے کے آغاز پر ڈسلڈورف نے ہیمبرگ کو دو صفر سے شکست دی۔
پوائنٹس ٹیبل
بائرن 34 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اس ہفتے اپنا میچ جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے اور اس کے پوائنٹس 25 ہو گئے ہیں۔ شالکے اور فرینکفرٹ کی ٹیمیں 24 چوبیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبروں پر ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں اس ہفتے بے نتیجہ مقابلے کے باعث ٹیبل پر نچلی پوزیشنوں پر آ گئی ہیں۔
لیورکوزن کی ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ بریمن کی ٹیم 18پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ 17سترہ پوائنٹس کے ساتھ ہینوور، مائنز اور ہمیبرگ بالتریت ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔ سولہ 16پوائنٹس کے ساتھ فرائی برگ، مؤنشن گلاڈ باخ اور شٹٹ گارٹ دسویں، گیارہویں اور بارہویں نمبر پر ہیں۔
اتوار کو تیرہویں میچ ڈے کے آخری روز تین مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ فرائی برگ اور اشٹٹ گارٹ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ کے لیے لیور کوزن اور ہوفن ہائم کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی جبکہ تیسرا میچ آؤگس برگ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فرائی برگ، اشٹٹ گارٹ اور مؤنشن گلاڈ باخ میں سے کسی بھی ٹیم کی کامیابی اسے پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ