بنڈس لیگا: بائرن میونخ کی ایک اور جیت
7 اکتوبر 2012ساتویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو بائرن میونخ نے ہوفن ہائم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یوں رواں سیزن میں اس ٹیم نے اپنا مسلسل ساتواں میچ جیت لیا اور پوائنٹس ٹیبل پر نمبر وَن کی اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنا لی ہے۔ اس وقت یہ ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
ہفتے کے دیگر مقابلوں میں شالکے نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ فرائی برگ نے نیورمبرگ کو بھی تین صفر سے شکست دی۔ مائنز نے ڈوسلڈورف کو ایک صفر سے پچھاڑا۔ گروئتھر فیورتھ کو ہیمبرگ کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست ہوئی۔
قبل ازیں جمعے کو بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کا پہلا مقابلہ آؤگس برگ اور بریمن کے درمیان ہوا تھا۔ یہ میچ آؤگس برگ کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا تھا۔ رواں سیزن میں اس ٹیم کی یہ پہلی جیت ہے جس کی بدولت اس ہفتے یہ پوائنٹس ٹیبل پر اوپر جاتے ہوئے پندرھویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔#g#
اتوار کو ساتویں میچ ڈے کے آخری روز تین مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ مؤنشن گلاڈ باخ اور آئنتراخت فرینکفرٹ کے درمیان ہو گا۔ دوسرے میچ کے لیے شٹٹ گارٹ اور لیور کوزن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ اس میچ ڈے کا آخری مقابلہ ہینوور اور ڈورٹمنڈ کے درمیان ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل:
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر 21 پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ سرفہرست ہے۔ سولہ پوائنس کے ساتھ فرینکفرٹ کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ اس ہفتے ان دونوں ٹیموں کی پوزیشنوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم بائرن میونخ کی مانند فرینکفرٹ بھی رواں ہفتے کا اپنا میچ جیت کر اپنی دوسری پوزیشن مزید مستحکم بنا سکتی ہے۔
شالکے کی ٹیم رواں ہفتے کی جیت کے ساتھ 14 پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ کو نیچے دھکیلتے ہوئے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ تاہم ڈورٹمنڈ کے پاس اتوار کو اپنا میچ جیت کر گول اوسط کی بنیاد پر یہ پوزیشن پھر سے حاصل کرنے کا موقع ہو گا۔ اس وقت ڈورٹمنڈ کی ٹیم 11 پوائنس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
ہینوور، ڈوسلڈورف، لیورکوزن، ہیمبرگ اور مائنز کی ٹیمیں دس دس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں، چھٹے، ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔ فرائی برگ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: افسر اعوان