بنڈس لیگا: آئنتراخت فرینکفرٹ کی پوزیشن مستحکم
1 اکتوبر 2012آئنتراخت فرینکفرٹ کی ٹیم نے اتوار کو چھٹے میچ ڈے کے آخری روز فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یوں اس نے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی بلکہ اسے اور بھی مضبوط بنا لیا ہے۔
فرینکفرٹ کی ٹیم سیزن کے آغاز پر تھوڑی دیر کے لیے اوّل نمبر بن گئی تھی، تاہم بائرن میونخ کی ناقابلِ شکست کارکردگی نے اسے دوسرے نمبر پر لڑھکا دیا۔
میونخ کی ٹیم رواں سیزن میں اپنے تمام چھ میچ جیت چکی ہے اور 18پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ فرینکفرٹ 16پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ان کے بعد گیارہ گیارہ پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ اور شالکے بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میونخ اور فرینکفرٹ کی پوزیشنوں کو کسی بھی ٹیم سے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔
چھٹے میچ ڈے کے آخری روز دو میچ کھیلے گئے۔ دوسرا میچ مائنز اور وولفس برگ کے درمیان ہوا، جو مائنز نے دو صفر سے جیت لیا۔
قبل ازیں ہفتے کو اس میچ ڈے کے دوسرے روز چھ مقابلے ہوئے۔ جن میں لیور کوزن نے گروئیتھر فیورتھ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ بائرن میونخ نے بھی بریمن کو صفر دو سے شکست دی اور اشٹٹ گارٹ نے نیورمبرگ کے خلاف میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیتا۔
ہوفن ہائیم اور آؤگس برگ کا مقابلہ بغیر کسی گول کے بے نتیجہ رہا جبکہ ہیمبرگ نے ہینوور کو صفر ایک سے شکست دی۔
اس میچ ڈے کا پہلا مقابلہ جمعے کو شالکے اور ڈسلڈورف کے درمیان ہوا تھا، جو دو دو گول سے برابر رہا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل:
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ، آئنتراخت فرینکفرٹ، ڈورٹمنڈ، شالکے بالترتیب پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ دس دس پوائنٹس کے ساتھ ہینوور، ڈسلڈورف اور لیورکوزن بالترتیب پانچویں، چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر ہیں۔ سات سات پوائنٹس کے ساتھ بریمن، ہوفن ہائیم،ہیمبرگ، مائنز اور نیوریمبرگ بالترتیب آٹھویں، نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں نمبر پر ہیں۔
ہفتے کے اختتام پر ڈورٹمند، لیورکوزن، ہوفن ہائیم، ہیمبرگ، مائنز، اشٹٹ گارٹ (پندرہویں پوزیشن) کی ٹیمیں گزشتہ میچ ڈے کے مقابلے میں ٹیبل پر اوپر گئی ہیں۔
اس کے برعکس ہینوور، ڈسلڈورف، بریمن، نیوریمبرگ، مؤنشن گلاڈ باخ، فرائی برگ، وولفس برگ، گروئیتھر فیورتھ ٹیبل پر نیچے گئی ہیں۔ بائرن میونخ، فرینکفرٹ، شالکے اور آؤگس برگ (اٹھارواں نمبر) کی سابقہ پوزیشن برقرار رہی ہے۔
ng / at (AFP)