بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے شبے میں متعدد گرفتاریاں
9 مارچ 2013جمعے کے روز بلوچستان میں تعینات پاکستانی پیراملٹری فورسز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ واقعات میں ملوث ہونے کے شبے میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں کوئٹہ کے جنوب میں واقعے نواحی علاقے دشت میں عمل میں آئیں۔ پاکستانی پیرا ملٹری فورسز کے کرنل مقبول احمد نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا، ’ہمارے دستوں نے دشت کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مارا اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا باردو برآمد کر لیا۔‘
واضح رہے کہ کوئٹہ میں حالیہ کچھ عرصے میں پیش آنے والے دو خونریز دہشت گردانہ واقعات میں 200 اہل تشیع ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ ان حملوں کی ذمہ داری لشکر جھنگوی نے قبول کی تھی۔ لشکر جھنگوی کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کی وہ شیعہ اقلیت کو مزید ایسے ہی حملوں کا نشانہ بنائے گی۔
اس چھاپے کی کارروائی کی نگرانی کرنے والے کرنل احمد نے بتایا کہ چھاپے کے نتیجے میں آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ’گرفتار ہونے والے افراد کے رابطے لازمی طور پر فرقہ واریت میں ملوث تنظیموں سے ہیں۔ اس سے ہمیں دیگر دہشت گردوں کو بھی بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی‘۔
احمد نے بتایا کہ اس چھاپے کے نتیجے میں 120 کلوگرام دھماکا خیز مواد، 100 ڈیٹونیٹرز، دستی بم اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں بھی گزشتہ اتوار کو اہل تشیع کے ایک علاقے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں تقریبا 50 افراد ہلاک جب کہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
at/zb (AFP)