بجٹ خسارے پر قابو کی ہسپانوی کوششیں
27 جون 2012ہسپانوی قیادت پر کا جمعرات سے شروع ہونے والی یورپی سربراہی اجلاس سے قبل نمایاں اقدامات اٹھانے کے لیے خاصا دباؤ ہے۔ اسپین نے مالی مشکلات کے شکار ہسپانوی بینکوں کے لیے یورو زون سے مالی امداد کی باضابطہ درخواست پہلے ہی کر رکھی ہے۔ صورتحال میں مزید پیچیدگیوں کے پیدا ہونے سے قبل میڈرڈ حکومت اب ٹیکسوں میں اضافے کا سوچ رہی ہے۔
ملکی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی اور محصولات بڑھانے سے 45 ارب یورو کی بچت ممکن بنائیں گے۔ وزیر اعظم نے فی الحال یورو زون کی تجویز کے تحت VAT ویلیو ایڈڈ ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ تمام یورپ میں اسپین کا VAT سب سے کم یعنی 18 فیصد ہے جبکہ بہت سی اشیاء 8 فیصد کے رعایتی اور 4 فیصد کے خصوصی رعایتی نرخ پر دستیاب ہیں۔
اسپین مسلسل تیسرے سال خسارے کا سامنا کر رہا ہے۔ حکومت اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود مجموعی قومی پیداوار کے 8.9 فیصد کے مساوی خسارے میں اپنی خواہش کے مطابق کمی میں کامیابی حاصل کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔ میڈرڈ حکومت نے رواں سال خسارے کو کم کرکے اسے 5.3 فیصد کی سطح تک لانے کے عزم کا اظہار کر رکھا ہے۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی اسپین کے مختلف انتظامی اکائیوں (regions) میں مالیاتی بحرانی کیفیت میں کمی کا احساس دیکھا گیا ہے۔ اس کے باوجود یہ بات فی الحال وثوق سے نہیں کہی جاسکتی کہ کیا اس سے مجموعی خسارے کے حجم میں بھی کمی پیدا ہو سکے گی۔ اعداد و شمار کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے بعض انتظامی اکائیوں کو قبل از وقت ادائیگیوں کے سبب خسارہ 36 ارب یورو سے تجاوز کرچکا ہے۔ یہ اعداد و شمار مئی کے آخر میں مرتب کیے گئے ہیں۔ قبل از وقت ادائیگیوں کو نکالنے کے بعد مجموعی خسارہ قومی پیداور کے 2.38 کے برابر ہوجاتا ۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری ان اعداد و شمار میں سوشل سکیورٹی سسٹم اور خود مختار انتظامی اکائیوں کے اعداد و شمار شامل نہیں۔
sks/ ah (Reuters)