بالی وڈ کے اداکار راج ببّر کو دو برس قید کی سزا
8 جولائی 2022بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی ایک عدالت نے گزشتہ روز بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کانگریس پارٹی کے رہنما راج ببر کو ایک سرکاری افسر پر حملہ کرنے کے الزام میں آٹھ ہزار روپے کا جرمانہ اور دو برس قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے راج ببر کو ایک سرکاری ملازم کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کے لیے دانستہ طور پر تکلیف پہنچانے اور اس کے علاوہ تین دیگر جرائم کے لیے قصوروار ٹھہرایا۔ سن 1996 میں لکھنؤ کے وزیر گنج تھانے میں ایک پولنگ افسر نے ان کے خلاف دو مئی کو مقدمہ درج کروایا تھا۔
ارکان پارلیمان اور ریاستی رکن اسمبلی سے متعلق ایک خصوصی عدالت میں گزشتہ روز مقدمے کی سماعت کے دوران خود اداکار راج ببر بھی وہاں موجود تھے۔ عدالت نے کہا کہ وہ ایک حکومتی کام میں دانستہ طور پر رخنہ ڈالنے کے قصوروار ہیں، اس لیے انہیں دو برس قید کی سزا دی جاتی ہے۔
مقدمے کی نوعیت کیا تھی؟
یہ بات مئی سن 1996 میں ہونے والے انتخابات کے دوران کی ہے جب اداکار راج ببر کے خلاف ایک پولنگ افسر نے ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ اس وقت راج ببر ملائم سنگھ یادو کے ساتھ تھے اور لکھنؤ کی سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر پارلیمانی انتخاب لڑ رہے تھے۔
الیکشن کے دوران ہی پولنگ افسر اور ان کے درمیان پہلے زبانی تکرار ہوئی اور پھر ہاتھا پائی ہو گئی تھی۔ پولنگ افسر نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ راج ببر نے انہیں ڈیوٹی کے دوران ڈرایا دھمکایا اور فرائض سے روکنے کی کوشش کی۔
اسی برس لوک سبھا انتخابات کے دوران ہی انہیں ایک سرکاری افسر سے بدتمیزی کرنے کا قصوروار بھی قرار دیا گیا تھا، تاہم اس وقت انہیں ضمانت مل گئی تھی۔
راج ببر کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کا اختیار ہے اور ظاہر ہے وہ جیل سے بچنے کے لیے اس کے خلاف اعلٰی عدالت میں اپیل دائر کریں گے۔
راج ببر کا فلموں سے سیاست تک کا سفر
تقریباً 70 برس کے راج ببر مغربی یوپی میں علی گڑھ کے پاس ٹونڈلہ میں پیدا ہوئے تھے، جنہوں نے ہندی اور پنجابی فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے خوب شہرت کمائی۔ اپنے دور کی مشہور فلم 'انصاف کے ترازو' میں ان کی بہترین کارکردگی نے انہیں رات و رات اسٹار بنا دیا۔
ان کی بہترین فلموں میں، کلیوگ، راز، پریم گیت، امراؤ جان اور میں آوارہ ہوں، شامل ہیں۔ انہوں نے فلم نکاح اور آج کی آواز میں پاکستانی اداکارہ سلمٰی آغا کے ساتھ بھی کام کیا، جو ان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ہیں۔
راج ببر نے پہلی بار سن 1989 میں سیاست میں قدم رکھا تھے اور جنتا دل میں شامل ہوئے۔ پھر وہ سماجوادی پارٹی سے رکن پارلیمان بنے اور اب کانگریس پارٹی کے ایک سینیئر رہنما ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کا فلموں میں اداکاری کا سفر بھی جاری ہے۔