بارسلونا گراں پری میں آلانسو کی فتح
13 مئی 2013ہسپانوی ڈرائیور فیرناننڈو آلانسوکی یہ اس سیزن کی دوسری جبکہ 2006ء کے بعد بارسلونا میں پہلی فتح ہے۔ آلانسو کا کہنا تھا کہ اپنے گھر میں جیتنے کی خوشی زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے بقول اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کوئی ڈرائیورکتنی مرتبہ ریس جیت چکا ہے لیکن ہر فتح پہلی کامیابی کی طرح محسوس ہوتی ہے۔ ہسپانوی گراں پری میں لوٹس ٹیم کے کیمی رائیکونن دوسرے جبکہ آلانسو کی فیراری ٹیم ہی کے فیلیپے ماسا تیسرے نمبر پر آئے۔ ریڈ بل ٹیم کے عالمی چیمپئن سیباستیان فیٹل چوتھے نمبر پر آئے اور انہوں نے آلانسو کے تقریباً چالیس سیکنڈ بعد اختتامی لکیر عبور کی۔
اکتیس سالہ آلانسو نے پانچویں پوزیشن سے ریس شروع کی تھی۔ اختتام پرانہیں دوسرے نمبر پر آنے والے کیمی رائیکونن پر تقریباً دس سیکنڈ کی برتری حاصل تھی۔ اس موقع پرآلانسوکے ہاتھوں میں اسپین کا پرچم تھا اور انہوں نے شائقین کی داد کا جواب پرچم کو لہرا کر دیا۔
آلانسوکے کیریئر میں یہ ان کی 32 ویں فتح ہے۔ اس سیزن میں فارمولا ون کے کل انیس مقابلے ہونے ہیں۔ اب تک پانچ ریسز منعقد ہو چکی ہیں۔ ریڈ بل ٹیم کے جرمن ڈرائیور فیٹل 89 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، لوٹس ٹیم کے کیمی رائیکونن 85 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آلانسو کے پوائنٹس کی تعداد 72 ہے اور وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ مرسیڈیز کے نیکو روزبرگ اور لیوس ہیملٹن بظاہر پہلی پوزیشنوں کی اس دوڑ سے باہر ہی دکھائی دے رہے ہیں۔
روز برگ نے بارسلونا میں یہ ریس پول پوزیشن سے شروع کی تھی تاہم تیرہویں لیپ میں آلانسو نے برتری حاصل کر لی۔ روز برگ چھٹی پوزیشن پر آئے۔ بارسلونا کے اس ٹریک پر اب تک 22 ریسز ہو چکی ہیں اور ان میں سے 18 پول پوزیشن سے ریس شروع کرنے والے ڈرائیوروں نے ہی جیتی ہیں۔
آلانسو کی اس جیت کے بعد ان کے اور عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیور سیباستیان کے مابین پوائنٹس کا فرق بھی کم ہو گیا ہے۔ آلانسو کے بقول اپنے ہی ملک میں اپنے مداحوں کے سامنے گاڑی چلانے سے ایک خاص قسم کی جذباتی تقویت ملتی ہے، جو مقابلے کے دوران انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے۔’’ابھی صرف پانچ ریسز ہوئی ہیں اور اس دوران اونچ نیچ بھی آئی ہے۔ لیکن ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے پاس ایک ایسی گاڑی ہے، جو دیگر گاڑیوں کا بہترین انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر ہماری کارکردگی ایسی ہی رہی تو ہم اس سال کے فاتح ہوں گے‘‘۔
ai / ng (reuters,dpa)