ایشیا کپ فائنل، سری لنکا نے پاکستان کو ہرا دیا
8 مارچ 2014ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کو 261 رنز کا ہدف دیا، جو سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 46.2 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔ اوپنر لاہیرو تھرمینے نے 101 رنز بنائے جبکہ مہیلا جے وردنے نے 75 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل کامیاب ترین بولر رہے، جنہوں نے دس اوورز میں 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکن اوپنرز نے اچھے کھیل کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں ابتدائی دس اوورز میں 56 رنز بنائے لیکن کوسل پیریرا کے آؤٹ ہونے کے بعد کمار سنگاکارا بھی پہلی ہی گیند پر سعید اجمل کا نشانہ بن گئے۔ تاہم بعد ازاں تھرمینے اور جے وردنے نے ٹیم کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 156 رنز بنا کر پاکستانی بولرز کو پریشان کر دیا۔
قبل ازیں پاکستانی ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فواد عالم کی سنچری اور مصباح الحق اور کامران اکمل کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان اس میچ میں بہتر پوزیشن میں آ گیا تھا۔ بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اس فائنل میں بائیں بازو سے کھیلنے والے فواد عالم کے ناقابل شکست 114 رنز کی بدولت پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک اچھے بولنگ اٹیک کے سامنے 260 رنز بنائے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فصیلہ کیا، جو ابتداء میں کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔ پاکستانی اوپنر شرجیل خان اور احمد شہزاد کے علاوہ ون ڈاؤن بلے باز محمد حفیظ بھی جلد ہی لاستھ ملنگا کا شکار بن گئے۔
اٹھارہ کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے جب تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو فواد عالم اور پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ذمہ درانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں122 رنز بنائے۔ اس دوران مصباح الحق دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ملنگا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس وقت تک پاکستانی ٹیم ایک اچھی پوزیشن میں پہنچ چکی تھی۔
جب کامران اکمل نے کریز پر آ کر دھواں دار بلے بازی کا آغاز کیا تو دوسری طرف فواد عالم نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنا کھیل جاری رکھا۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز کا اضافہ کیا۔ کامران اکمل نے اس دوارن 42 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے اس شاندار اسکور میں سات چوکے بھی لگائے۔ جب کامران اکمل آؤٹ ہوئے تو پاکستانی اننگز کی صرف دو گیندیں باقی رہ گئی تھیں۔
پاکستانی اننگز کی انتہائی نمایاں بات فواد عالم کی سنچری رہی، انتہائی اہم وقت پر انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری میں تین چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔ انہوں نے اپنا 114 کا انفرادی اسکور 134 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد کیا۔ سری لنکا کی بولنگ میں ایک مرتبہ پھر ملنگا چھا گئے اور انہوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر کوئی بھی بولر کسی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہا۔