ایران کی پاکستان کو تیل فراہم کرنے کی پیشکش
29 فروری 2012خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے پاکستان کو تیل فراہم کرنےکی یہ پیشکش مغربی ممالک کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں اور پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے تناظر میں کی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو یہ چھوٹ دی گئی ہے کہ وہ 80 ہزار بیرل تیل کی ادائیگی تین ماہ میں بھی کر سکتا ہے۔
حوالے سے پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ ایران نے پاکستان سے کئی ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ پاکستان میں قدرتی وسائل اور پٹرولیم کی وزارت کے ترجمان عرفان قاضی نے بتایا، ’بات یومیہ 80 ہزار بیرل تیل کی ہے اور وہ بھی قیمت کی ادائیگی میں تین ماہ کی رعایت کے ساتھ۔‘
قاضی نے مزید بتایا کہ اس وقت طریقہ کار کے بارے میں اندازہ نہیں ہے کہ کس طرح اس پیشکش کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ’’مارچ کے وسط میں ایک وفد ایران جائے گا اور اس موضوع پر مذاکرات ہوں گے۔‘‘ پاکستان کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور حکومت یہ ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف ذرائع کی تلاش میں ہے۔ ایران پر اس کے جوہری پروگرام کی وجہ سے عائد پابندیوں کو مزید سخت بنائے جانےکے بعد متعدد ملکوں نے جرمانےسے بچنے کے لیے ایران سے تیل کی درآمد کم کر دی ہے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: مقبول ملک