انڈین گراں پری، فیٹل نے اپنے نام کر لی
28 اکتوبر 2012اس ریس میں دوسرے نمبر پر فیٹل کے حریف ڈرائیور فرنینڈو آلانسو رہے۔ سنگاپور، جاپان اور جنوبی کوریا میں منعقدہ گراں پری مقابلوں کے بعد یہ مسلسل چوتھا موقع ہے، جب فیٹل نے فتح حاصل کی ہے۔ اس طرح اب وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان آلانسو سے 13 پوائنٹس کا فرق بنا چکے ہیں۔
اگر فیٹل رواں سیزن کے گراں پری مقابلوں میں بھی سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے، تو یہ ان کی مسلسل تیسری کامیابی ہو گی۔ انڈین گراں پری میں فیٹل ہی کی ریڈبل ٹیم کے ڈرائیور مارک ویبر تیسری پوزیشن پر رہے۔ اس ریس میں میکلارن ٹیم کے لیوئس ہیملٹن نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ سباستیان فیٹل نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹے 31 منٹ اور 10.74سیکنڈز میں طے کیا۔
اس فتح کے بعد سباسیتان فیٹل کے رواں سیزن میں مجموعی پوائنٹس اب 240 ہو گئے ہیں، جب کہ ان کے حریف فرنینڈو آلانسو اب 227 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ یہ فیٹل کی کیرئیر کی 26 ویں فتح تھی، جب کہ رواں سیزن میں یہ ان کی پانچویں کامیابی تھی۔
مقابلے کے بعد فیٹل کا کہنا تھا، ’میرے لیے یہ ایک خصوصی فتح ہے۔ مجھے نہیں معلوم کے اس سرکٹ میں ایسا کیا ہے، مگر مجھے اس کا فلو بہت اچھا لگا۔‘
پوائنٹس ٹیبل پر فیٹل اور آلانسو کے بعد فن لینڈ کے ڈرائیور Kimi Raikkonen ہیں جن کے 173 پوائنٹس ہیں۔ چوتھی پوزیشن ریڈ بل ٹیم کے مارک ویبر کی ہے، جن کے 169 پوائنٹس ہیں۔ پانچویں نمبر پر برطانیہ کے لوئس ہیملٹن ہیں، جن کے 165 پوائنٹس ہیں۔ اس ٹیبل میں جینسن بٹن اور نیکو روزبرگ 141 اور 93 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
at/ij (AFP, dpa)