انڈین گراں پری: تیسرے سال بھی فیٹل کے نام
27 اکتوبر 2013بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نواح میں واقع گریٹر نوئیڈا علاقے میں تعمیر بُودھ انٹرنیشنل سرکٹ پر رواں برس کی سولہویں فارمولا ون کار ریس کا اہتمام کیا گیا۔ گزشتہ روز اس کی پول پوزیشنوں کا تعین ہوا تھا۔ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے پول پوزیشن حاصل کی تھی۔ یہ اُن کی مسلسل تیسری پول پوزیشن تھی۔ ریس کے ابتدائی راؤنڈز میں فیٹل پول پوزیشن کی برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دیے لیکن بعد میں ان کی مہارت اور ذہانت نے ان کی فتح کی راہ کو ہموار کر دیا۔ دوسری پوزیشن نیکو روز برگ اور تیسری گروزیاں کو ملی۔
بیسویں چکر کے بعد فیٹل نے اگے بڑھنے کی کوشش شروع کر دی۔ اگلے کئی راؤنڈز تک پہلی پوزیشن کی جدو جہد ریڈ بُل ٹیم کے دو ٹاپ ڈرائیوروں کے درمیان رہی۔ یہ ڈرائیور سباستیان فیٹل اور مارک ویبر تھے۔ تیسویں راؤنڈ میں سباستیان فیٹل نے اپنے ساتھی مارک ویبر کو پیچھے کر کے پہلی پوزیشن پر قبضہ کر لیا۔ مارک ویبر چالیسویں چکر کے بعد گاڑی میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر ریس سے دستبردار ہو گئے تھے۔ انڈین گراں پری میں فیٹل کی یہ مسلسل تیسری جیت تھی اور اس طرح انہوں نے اپنی فتح کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔
فیٹل ڈرائیورز ورلڈ چیمپیئن شپ بھی ایک بار پھر جیت گئے۔ انہوں نے یہ چیمپیئن شپ چوتھی مرتبہ جیتی ہے۔ انڈین گراں پری میں اگر وہ پانچویں پوزیشن پر بھی آتے تو بھی وہ پوائنٹس کی بنیاد پر چیمپیئن شپ جیت جاتے۔ چیمپیئن شپ کے لیے فیٹل کو برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن یا ہسپانوی فرنانڈو الانسو کی جانب سے جو خطرہ لاحق تھا وہ انڈین گراں پری کے دوران کہیں ان کے قریب بھی دکھائی نہیں دیا۔ فیٹل گزشتہ تین برسوں سے ورلڈ چیمپیئن چلے آ رہے ہیں۔ فیٹل کی ٹیم ریڈ بُل کنسٹرکٹرز (Constructor) چیمپیئن شپ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔
بھارت میں فارمولا ون کار ریسنگ کا انعقاد سن 2011 میں پہلی بار کیا گیا تھا۔ پہلی ریس کے فاتح بھی سباستیان فیٹل تھے۔ اس ٹریک کی لمبائی پانچ کلو میٹر سے زیادہ ہے اور اس میں مختلف نوعیت کے سولہ موڑ ہیں۔ چھوٹے بڑے اور شارپ موڑوں کی وجہ سے اس ٹریک کو ایک چیلنجنگ ٹریک قرار دیا گیا ہے۔ ریس مکمل کرنے کے لیے ٹریک کے ساٹھ چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔ فارمولا ون گراں پری کو بھارتی دارالحکومت میں ایک انتہائی پُرکشش بین الاقوامی اقتصادی و سماجی سرگرمی بھی سجھا جاتا ہے۔
فارمولا ون کار ریسنگ میں اب صرف تین گراں پری مقابلے باقی رہ گئے ہیں۔ اگلے اتوار کو فارمولا ون کار ریس کا میلہ متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی کے ٹریک یاس مرینہ پر سجے گا۔ اُس کے بعد اٹھارہویں ریس کا میزبان امریکی ریاست ہیوسٹن کا صدر مقام آسٹن کا شہر ہے۔ رواں برس کی اختتامی ریس روایت کے مطابق برازیل کے گنجان آبادی والے شہر ساؤ پاؤلو میں ہو گی۔ اُس کے بعد فارمولا ون کا میلہ اگلے برس نئی آب و تاب سے شروع ہو گا۔