انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا پاکستان کو انتباہ
31 مئی 2013خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان دونوں ملکوں میں سے کسی کی رکنیت معطل نہیں کی گئی ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے جمعرات کو ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ریاستوں کو معطلی سے بچنے کے لیے تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے: ’’ای بی (ایگزیکٹو بورڈ) نے انتہائی تشویش سے یہ بات نوٹ کی ہے کہ پاکستان میں اولمپک موومنٹ کی صورتِ حال بگڑی ہے، جس کی وجہ حکومتی بالخصوص پاکستان اسپورٹس بورڈ کی حمایت میں فیڈریشنز کے ایک گروپ کی جانب سے این او سی (نیشنل اولمپک کمیٹی) کے مساوی ایک تنظیم کا قیام ہے۔‘‘
آئی او سی کا کہنا ہے: ’’اگر اس مساوی تنظیم نے قانونی طور پر پی او اے (پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن) کے کام میں رخنہ ڈالا، بالخصوص پی او اے کے دائرہ کار سے باہر انتخابات منعقد کروائے اور پی او اے کو اولمپک چارٹر کے تحت سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکا تو اولمپک موومنٹ میں پاکستان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔‘‘
اس حوالے سے آئی او سی نے ایکواڈور کو بھی خبردار کیا ہے۔ اس کی وجہ وہاں اولمپک کمیٹی میں شامل کھیلوں کی تنظیموں کے لیے منعقدہ انتخابات ہیں۔
آئی وی سی اس انتخابی عمل کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ حکومتی عہدے دار اس میں مداخلت نہ کریں۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے گزشتہ برس دسمبر میں حکومتی مداخلت کی بناء پر بھارت کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ سیریا لیون میں صورت حال کی نگرانی کی جا رہی ہے جہاں وزیر برائے کھیل نے مقامی اولمپک کمیٹی کو معطل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان کو پہلے بھی خبردار کر چکی ہے۔
ng/ab (AFP)