الونسو جرمن گراں پری جیت گئے
22 جولائی 2012فرنانڈو الونسو دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن رہے ہیں۔ انہوں نے اتوار کو ہاکنہائیم کے ٹریکس پر ریڈ بُل کے سیباستیان فیٹل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ کامیابی پائی۔
فیٹل اپنے وطن میں پہلی مرتبہ یہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے کوشاں تھے تاہم وہ برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن کو اوور ٹیک کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ مکلارن ٹیم کے بٹن کو تیسری پوزیشن ملی ہے۔
بعدازاں بٹن نے فیٹل سے کہا: ’’آپ نے مجھے اوور ٹیک کیسے کیا، اس پہلو کی تفتیش ہو گی۔‘‘
اس پر فیٹل کا جواب تھا: ’’ میں نہیں جانتا کہ آپ کہاں تھے۔‘‘
بٹن کا مزید کہنا تھا: ’’میں شیر کی مانند لڑ رہا تھا لیکن میرے پاس کچھ نہیں بچا۔‘‘
فارمولا وَن ریسنگ میں مجموعی طور پر الونسو کی یہ 30ویں کامیابی ہے۔ رواں سیزن میں قبل ازیں وہ ملائشیئن اور یورپی گراں پری میں بھی فاتح رہے۔ تیس سالہ الونسو رواں سیزن میں تین مقابلے جیتنے والے پہلے ڈرائیور بن گئے ہیں۔ اتوار کی ریس میں وہ جرمن ہیرو فیٹل سے تین اعشاریہ سات سیکنڈز آگے تھے۔
گزشتہ روز فرنانڈو الونسو نے اس ریس کے لیے پول پوزیشں حاصل کی تھی۔ دوسرے نمبر پر ریڈ بُل کے ڈبل ورلڈ چیمپئن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل رہے تھے۔ ریڈ بُل ہی کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر تیسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ سات مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والے جرمن ڈرائیور میشائل شوماخر چوتھے نمبر پر رہے تھے۔
اتوار کو مقابلے سے پہلے فارمولا وَن کے تکنیکی مندوب جو باؤیر نے بتایا تھا کہ انہوں نے ریس اسٹیورڈز کو ریڈ بُل ٹیم کے سیباستیان فیٹل اور مارک ویبر کی کاروں میں انجن میپنگ کی ممکنہ بے ضابطگیوں سے آگاہ کیا تھا۔
اس سے ریڈ بُل کے اتوار کی ریس سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم بعدازاں ریس اسٹیورڈز نے اس کے برعکس فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ قواعد کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ یوں ریڈ بُل کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
ریڈ بُل ٹیم کے کپتان کرسچن ہارنر نے آٹوسپورٹ ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کی جانب سے قواعد کی کسی خلاف ورزی سے آگاہ نہیں۔
ng/ab (AFP, AP)