افتتاحی روسی فارمولا ون گراں پری ریس میں ہملٹن کامیاب
13 اکتوبر 2014ایک صدی بعد روسی سرزمین پر ہونے والی پہلی فارمولا ون کار ریس میں برطانوی ڈرائیور لُوئیس ہملٹن نے کامیابی حاصل کر کے ڈرائیورز چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو مزيد بہتر کر لیا ہے۔ دوسری پوزیشن اُن کے ساتھی نیکو روز برگ کو ملی۔ ہملٹن اور روزبرگ کے درمیان چیمپئن شپ کے حصول کی کوششيں جاری ہيں۔ دونوں کے درمیان صرف سترہ پوائنٹس کا فرق ہے اور ابھی تین ریسز باقی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ سوچی کے فارمولا ون ریس ٹریک پر پریکٹس اور پول پوزیشن کے مراحل میں ہملٹن کو بقیہ ڈرائیورز پر سبقت حاصل تھی اور یہ سبقت انہوں نے حتمی ریس تک برقرار رکھی۔
ہملٹن اور روزبرگ رواں برس مرسیڈیز ٹیم کا حصہ ہیں۔ سوچی آٹوڈروم میں پہلی اور دوسری پوزیشنیں مرسیڈیز گاڑی کو مليں اور اس طرح اُس نے فارمولا ون کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ کو جیت لیا ہے۔ سوچی میں برطانوی ڈرائیور نے مسلسل اپنی چوتھی ریس جیتی اور سن 2014 کے دوران اب تک وہ کُل نو ریسیں جیتنے میں کامیاب رہے۔ ہملٹن نے پوڈیم پر اپنا اعزاز وصول کرنے کے بعد کہا کہ روس اُن کے ليے بہت اچھا ثابت ہوا ہے اور یہ ہفتہ بھی بہت شاندار رہا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے فارمولان ون کار ریس جیتنے والوں میں اعزازات تقسیم کیے۔
فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ میں لوئیس ہملٹن چوتھے ڈرائیور ہیں جو ایک سیزن میں نو گراں پری ريسيں جیتنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے تین ڈرائیورز میں جرمنی کے لیجنڈ مشائل شوماخر، جرمنی ہی کے نوجوان ڈرائیور و دفاعی چیمپئن سباستیان فیٹل اور برطانوی نائجل مینسل ہیں۔ رواں برس ميں اب تين فارمولا ون ریسز باقی ہیں۔ اِس میں اگلی امریکا کی گراں پری ہے جو دو نومبر کو امریکی ریاست ٹیکساس کے صدر مقام آسٹن میں ہو گی۔ اُس کے بعد نو نومبر کو برازیل گراں پری کا میزبان ساؤ پاؤلو اور اختتامی ریس ابو ظہبی میں ہو گی۔
روسی گراں پری بحیرہ اسود کے کنارے پر واقع شہر سوچی کے کار ریس ٹریک پر منعقد کی گئی۔ روس میں گزشتہ روز ہونے والی يہ گراں پری ريس ايک سو برس قبل چودہ اکتوبر کو ہونے والی آخری گراں پری ریس کے سو سال مکمل ہونے پر منعقد کی گئی۔ سن 1914 میں آخری مرتبہ گراں پری ریس روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں ہوئی تھی۔ فارمولا ون کار ریسنگ کے ادارے کے ساتھ ماسکو حکومت کا سات برس کا کنٹریکٹ بھی طے پا چکا ہے۔ روس عالمی ادارے کو ریس منعقد کروانے کی سالانہ بنیاد پر فیس پچاس ملین ڈالر ادا کیا کرے گا جو کسی بھی گراں پری کے میزبان شہر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ سوچی آٹوڈروم میں واقع ٹریک کا فاصلہ پونے چھ کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ یہ خاصا مشکل ٹریک خیال کیا جاتا ہے کیونکہ اِس میں کُل انیس آسان اور خاصے مشکل موڑ ہیں۔