اسپین کے لیے 100 ارب یورو کے بیل آؤٹ پیکج کا متوقع پلان
15 جولائی 2012جرمن ہفت روزے ڈیئر اشپیگل کے مطابق یورپی یونین کے مالیاتی امور کے ماہرین ان دنوں اسپین کی مالی مشکلات کے مداوے کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ ڈیئر اشپیگل کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے بینکوں کی مالی امداد کے سلسلے میں میڈرڈ حکومت کو 100 ارب یورو یا 120 ارب امریکی ڈالر کی خطیر رقم کی فراہمی کا قوی امکان ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ رواں مہینے کے اختتام پر ہسپانوی حکومت کو ابتدائی طور 30 ارب ڈالر کی فراہمی ہو سکتی ہے۔ یہ فراہمی یورپی مالیاتی استحکام فنڈ (European Financial Stability Facility) کی جانب سے تجویز کی گئی ہے۔
جرمن جریدے کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپین کو دیے جانے والے بیل آؤٹ پیکج میں 20 ارب ڈالر خالصتاً علیل بینکوں کو استحکام دینے کے لیے مختص ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 10 ارب ڈالر میڈرڈ میں ایمرجنسی فنڈ کے قیام کے لیے دیے جائیں گے۔ اسپین کی حکومت کو بیل آؤٹ پیکج کے سلسلے میں 45 ارب ڈالر رواں برس نومبر اور دسمبر اور جون سن 2013 میں جاری کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 25 ارب ڈالر خاص طور پر ہسپانوی بینکوں کے خراب قرضوں کی خرید کے لیے وقف کیے جائیں گے۔ جرمن ہفت روزے ڈیئر اشپیگل کی رپورٹ پر ہسپانوی وزارت اقتصادیات نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ہسپانوی حکومت کو بیل آؤٹ پیکج کی فراہمی ان اصولوں پر کی جا رہی ہے جو سترہ اقوام کے یورو زون کے وزرائے خزانہ اپنے اجلاس میں منظور کر چکے ہیں۔ ان وزراء نے اس کی منظوری دی تھی کہ ہسپانوی بینکوں کی بیلنس شیٹ کو صاف کرنے کے لیے ان کے خراب اور قابل ادا قرضوں کو بیل آؤٹ پیکج کے ذریعے ختم کیا جائے۔ اس وقت ہسپانوی بینکوں کو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور تعاون کی ضرورت ہے اور یہ دستیاب نہیں ہیں کیونکہ بینکوں کا بنیادی ڈھانچہ کمزور مالی پوزیشن کی وجہ سے لڑکھڑا رہا ہے۔ ان لڑکھڑاتے بینکوں کے استحکام کے لیے یورپی یونین کی جانب سے میڈرڈ حکومت کی درخواست پر بیل آؤٹ پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب جمعے کے روز ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے کی ہفتہ وار کابینہ میٹنگ میں 65 ارب یورو کے اصلاحاتی پیکج پر وزراء نے تفصیل کے ساتھ گفتگو کی۔ اسپین کی حکومت نے اقتصادی مسائل کا سامنا کرنے والی علاقائی حکومتوں کی مالی معاونت کے لیے ایک ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فنڈ کا مقصد علاقائی حکومتوں کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔ اس فنڈ کے لیے اٹھارہ ارب یورو مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزراء نے علاقائی حکومتوں اور شہروں کے لیے بھی اقتصادی اصلاحات کے پیکج کی منظوری دی۔ یورپی ملک اسپین کو گزشتہ اڑھائی برسوں سے علیل اقتصادیات کا سامنا ہے۔ یہ ملک اس وقت کساد بازرای کی لپیٹ میں ہے۔
ان مالی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہسپانوی عوام اور ورکروں میں مشکل اقتصادی حالات کی وجہ سے شدید بےچینی پائی جاتی ہے۔ بےروزگاری کی شرح انتہائی بلند ہو چکی ہے۔ جمعے کے روز بھی ورکرز نے حکومتی بچتی پالیسیوں کے خلاف دارالحکومت میڈرڈ میں مظاہرے کے سلسلے کو جاری رکھا۔ اس دوران ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں تھیں۔ سرکاری ملازمین نے بھی جمعے کے روز احتجاج میں شرکت کی۔
ah/sks (AP)