اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان تجربات کرے گا
4 مارچ 2013دسمبر میں ایشیائی چیمپئین ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستان نے بین الاقوامی ہاکی نہیں کھیلی۔ اذلان شاہ کپ کی تیاریوں کے لیے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کی نیلی آسٹروٹرف پر تین ہفتے جاری رہنے والے تربیتی کیمپ کے اختتام پر پاکستانی کپتان محمد عمران نے بتایا کہ عصر حاضر کی ہاکی میں دنیا کی کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا اور پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں پنالٹی کارنر اور مسنگ کی کمزوریوں پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
اذلان شاہ کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو دو سابق کپتانوں شکیل عباسی اور وسیم احمد کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ ان کی عدم موجودگی میں سلیکٹرز نے ٹیم میں چار نئے کھلاڑیوں تصور عباس، عامر شہزاد، عرفان جونیر اور عمران جونیر کو شامل کیا ہے۔ محمد عمران کے بقول ٹیم میں نئے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور وہ اس ٹورنامنٹ کو اگلے سال عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے استعمال کریں گے تاکہ نئے کھلاڑیوں کو بروقت بین الاقوامی ہاکی سے آشنائی ہو سکے۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے حال ہی میں ناصرف ایشین چیمپئین ٹرافی جیتی بلکہ ورلڈ چیمپئنز ٹرافی کے وکٹری اسٹینڈ تک بھی رسائی حاصل کی جس کے بعد اب ٹیم سے توقعات بڑھی ہیں اور کوچ اختر رسول کوبھی اس امر کا ادراک ہے۔
اختررسول نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ٹیم سے عوامی توقعات بڑھنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے مگر ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہر ٹورنامنٹ میں کامیابی آپ کے قدم نہیں چوم سکتی کیونکہ دنیا میں ہاکی کی یونیورسٹیاں کھل چکی ہیں اور پاکستان اور بھارت میں اس قومی کھیل کو چلانے کے لیے ہمیں بھکاریوں کی طرح کبھی وزیر اعظم اور کبھی وزیر اعلیٰ کے پاس جانا پڑتا ہے۔
اختررسول کے بقول نئے کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے ایپوہ میں ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔ اپنی قیادت میں پاکستان کو انیس سو بیاسی میں عالمی چیمپئین بنوانے والے اختر رسول کا کہنا تھا کہ اگلے برس ہونیوالے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے اذلان شاہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے۔
غور طلب بات یہ ہے کہ حالیہ عالمی ٹورنامنٹس میں سرخرو ہونے کے باوجود ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کہیں سے پذیرائی نہیں ہوئی۔ اسی لیے کپتان محمد عمران کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا افسوس رہےگا کہ کرکٹ ٹیم نے بھارت کو ہرایا تو اسے انعامات سے نوازا گیا اور ہم نے بھارت سمیت سات ملکوں کو شکست دی تو کسی نے خبر ہی نہ لی۔
آسٹریلیا کو سب سے زیادہ چھ اور بھارت کو پانچ مرتبہ اذلان شاہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم تیسری اور آخری بار سن 2003ء میں چیمئین بنی تھی جبکہ گز شتہ برس اس کی پوزیشن سات ٹیموں میں ساتویں رہی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ سنیچر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایپوہ میں کھیلے گا۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: امتیاز احمد