آسٹریلین اوپن کا آغاز ہو گیا
16 جنوری 2012سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلوی شہر میلبورن میں ایک ہلچل نمایاں رہی۔ اس ٹورنامنٹ کے پہلے دن کے کھیل کا آغاز سولہ جنوری سے ہوا۔ ان مقابلوں میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فائنل انتیس جنوری جبکہ خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فائنل اٹھائیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔ یوں کم و بیش سال دو ہزار بارہ کا پہلا ماہ میلبورن شہر کے لیے رونق کا باعث رہے گا۔
مردوں کے ایونٹ کے دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اس مرتبہ بھی پرعزم ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی کا تاج پہننے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ تاہم دوسری طرف سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر اور ہسپانوی اسٹار رافائل نادال نے بھی گزشتہ برس کے اواخر میں انتہائی اچھی فارم دکھائی ہے۔
ناقدین کے بقول رواں برس ٹینس کے اس پہلے بڑے معرکے میں یہ دونوں کھلاڑی ہرگز کمزور نہیں سمجھے جانے چاہییں۔ گزشتہ برس فرنچ اوپن میں فیڈرر اور نادال کا آمنا سامنا ہوا تھا، جو نادال نے جیت لیا تھا۔
ان کے ساتھ برطانوی اسٹار کھلاڑی اینڈی مرے بھی ایسے افراد کی فہرست میں شامل ہیں، جو آسٹریلین اوپن میں کچھ نیا کر کے دکھا سکتے ہیں۔گزشتہ برس آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نوواک جوکووچ نے اینڈی مرے کو شکست دی تھی۔
اسی طرح خواتین کے سنگلز ایونٹ کی دفاعی چیمپئن کم کلائسٹرز بھی اپنی بھرپور فارم کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے چین کی کھلاڑی لی نا کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ہرا دیا تھا۔ لی نا نے گزشتہ برس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں بھی کامیابی حاصل کی تھی ۔ تاہم دنیائے ٹینس پر نظر رکھنے والے ماہرین کے بقول سرینا ویلمز کے تجربے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر