آسٹریلین اوپن: وکٹوریہ ایزارینکا چیمپیئن بن گئیں
29 جنوری 2012ہفتے کے روز کھیلے گئے اس میچ میں شاراپووا ایزارینکا کے سامنے بے بس دکھائی دیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی ایزارینکا ٹینس رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھی آ گئی ہیں۔
بائیس سالہ ایزارینکا نے شاراپووا کو جم کے کھیلنے کا موقع ہی نہ دیا۔ ان کے طاقتور شاٹس کے سامنے شاراپووا بے اختیار دکھائی دیں۔ میچ محض بیاسی منٹ میں ہی نمٹ گیا۔ میچ سے قبل ایک سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی اور سمجھا جا رہا تھا کہ شاراپووا دوسری بار آسٹریلین اوپن جیتنے کے لیے سر توڑ کوشش کریں گی۔
ایزارینکا بیلاروس سے تعلق رکھنے والی پہلی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی گرینڈ سلیم کے سنگلز ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی ہو۔ ان کی اس کامیابی پر بیلاروس کی حکومت نے ان کو ’ملک کا وقار‘ قرار دیا ہے۔
اس میچ کے بعد ٹینس کی عالمی رینکنگ بھی تبدیل ہو گئی۔ ایزارینکا پہلی پوزیشن پر آ گئی ہیں جبکہ شاراپووا میچ ہارنے کے باوجود چوتھی سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔
اپنی ہار پر شاراپووا کا کہنا تھا کہ فائنل تک پہنچنا ضرور ایک اچھی بات تھی تاہم فائنل میں ہار جانے پر انہیں دکھ ہے۔
آج اتوار کے روز مردوں کا فائنل رافائل نادال اور نوواک جوکووچ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہسپانوی کھلاڑی نادال نے سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کو جبکہ سرب جوکووچ نے اینڈی مرے کو شکست دی تھی۔
رافائل نادال نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ میچ میں جارحانہ حکمت عملی اپنائیں گے تاکہ جوکووچ کو دباؤ میں رکھا جا سکے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس نادال اور جوکووچ کے درمیان کھیلے گئے چھ فائنلز میں جوکووچ نے نادال کو شکست دی تھی۔ ان میں سے دو گرینڈ سلیمز کے فائنلز تھے۔ ان فتوحات کی وجہ سے جوکووچ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آ چکے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ