آسٹریلین اوپن: سیرینا ولیمز اور ماریا شاراپووا آؤٹ
20 جنوری 2014خواتین کی دفاعی چیمپیئن وکٹوریا آذارینکا کو پری کوارٹر فائنل مرحلے میں امریکی سَلون اسٹیفنز کا سامنا تھا۔ دفاعی چیمپیئن نے یہ میچ آسانی کے ساتھ دو سیٹ میں جیت لیا۔ آذارنیکا اِس وقت عالمی نمبر دو ہیں۔ انہوں نے آسٹریلین اوپن کو مسلسل دو سالوں سے جیت رکھا ہے۔ مبصرین کے مطابق وکٹوریا آذارینکا کو ماریا شاراپووا اور سیرینا ولیمز کی عدم موجودگی میں کسی انتہائی سخت مقابلے کا سامنا کم ہی ہو سکتا ہے۔ گزشتہ میچوں میں شاراپووا اور ولیمز نے آذارینکا کو شکست دی تھی۔
پیر کے روز آسٹریلوی شہر میلبورن میں ٹینس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں خواتین کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ویمن سنگلز کے اپر ہاف کے چاروں پری کوارٹر فائنل اتوار کے روز مکمل ہو گئے تھے۔ آج پیر کے روز پری کوارٹر مرحلے کا دوسرا اپ سیٹ دیکھا گیا۔ دوسرے اپ سیٹ میں روس کی ماریا شاراپووا کو شکست ہوئی۔ پہلے اپ سیٹ میں ٹورنامنٹ کی پسندیدہ ترین خاتون کھلاڑی سیرینا ولیمز کو میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔
ماریا شاراپووا کو سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُلکووا (Dominika Cibulkova) کے ہاتھوں ہارنا پڑا۔ شاراپووا نے میچ کا پہلا سیٹ آسانی سے جیت لیا لیکن بعد میں ان کی میچ پر توجہ بتدریج کم ہوتی گئی۔ ماریا شاراپووا عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن رکھتی ہیں۔ سلوواکیہ کی خاتون کھلاڑی نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں زوردار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو جیت لیا۔ اس طرح وہ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ سیبُلکووا کی اب کوارٹر فائنل میں حریف رومانیہ کی سیمونے ہالِپ ہیں۔ ہالِپ نے پری کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک ژالینا ژانکووچ کو ہرایا۔
اتوار کے روز امریکا کی اسٹار کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز کو پری کوارٹر فائنلز مرحلےمیں شکست کا سامنا رہا۔ ولیمز کو سربیا سے تعلق رکھنے والی سابق عالمی نمبر ایک اور موجودہ رینکنگ میں چودہویں پوزیشن رکھنے والی انا ایوانووچ نے شکست دی۔ اس میچ میں سیرینا ولیمز پوری طرح فٹ بھی نہیں تھیں۔ اُن کو کمر کی شدید تکلیف کا سامنا تھا۔ اس میچ میں امریکی کھلاڑی نے پہلا سیٹ ضرور جیتا مگر اگلے دو سیٹ ہار گئیں۔ انا ایوانووچ نے پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی میچ میں سیرینا ولیمز کو ہرایا۔ کوارٹر فائنل میں ایوانووچ کو کینیڈا کی یوجینی بُوشار کا سامنا ہے۔
مردوں کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں دفاعی چیمپیئن نوواک جوکووچ نے مسلسل اٹھائیسویں میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔کوارٹر فائنل مرحلے میں جوکوووچ کو سوئٹزرلینڈ کے واراوِنکا کا سامنا ہے۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہونے والے دوسرے کھلاڑیوں میں اسپین کے ڈیوڈ فیرر اور چیک جمہوریہ ٹوماس بِردیخ بھی شامل ہیں۔ مردوں کے پری کوارٹر مرحلے کے بقیہ میچ آج پیر کے روز کھیلے جائیں گے۔اِن میں رافائل ندال اور راجر فیڈرر کے میچز بھی شامل ہیں۔